کراچی،ایم کیو ایم پاکستان کی سینئر خاتون رہنما سے ڈاکو پرس چھین کر فرار

شاہینہ سہیل پرس چھینے جانے کے بعد اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور بری طرح گر پڑیں،ترجمان کریم آباد میں ڈاکوئوں کی مسجد میں تین افراد سے لوٹ مارکی سی سی ٹی وی منظر عام پر آگئی، پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد تین زخمیوں سمیت پانچ ڈاکو گرفتار کرلئے

پیر 15 اپریل 2024 12:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) کراچی کے ناظم آباد میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی خاتون رہنما کا پرس بھی چھین لیا گیا۔ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی ایڈہاک کمیٹی کی رکن شاہینہ سہیل کو ناظم آباد میں لوٹا گیا، ملزمان موٹر سائیکل ان سے پرس چھین کر فرار ہوگئے، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔ایم کیو ایم مرکزی کمیٹی کے ترجمان نے خاتون رہنما سے پرس چھیننے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فوٹیج میں واضح ہے کہ کس طرح ڈاکو بے دردی سے چلتی بائیک سے خاتون سے پرس چھینتے ہوئے فرار ہوا۔

ترجمان کے مطابق شاہینہ سہیل پرس چھینے جانے کے بعد اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور بری طرح گر پڑیں،گرنے کی وجہ سے ان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم مرکزی کمیٹی کے ترجمان کے مطابق چند ماہ قبل لیاقت آباد میں شعبہ خواتین کی رکن رخشندہ بھی پرس چھیننے کے واقعے میں شہید ہوچکی ہیں۔

ترجمان ایم کیو ایم مرکزی کمیٹی کے مطابق کراچی میں جرائم پیشہ ڈکیت سرعام دیدہ دلیری سے ڈکیتیاں کر رہے ہیں، بزرگ خواتین تک ان سے محفوظ نہیں، صوبائی حکومت، پولیس و انتظامیہ شہریوں کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہوچکے۔ادھر کراچی کے علاقے کریم آباد میں ڈاکوئوں کی مسجد میں تین افراد سے لوٹ مارکی سی سی ٹی وی منظر عام پر آگئی۔فوٹیج دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکو موذن، مسجد کے خادم اور نمازی سے موبائل اور نقدی چھین رہا ہے اور اس کے بعد بآسانی فرار ہوگیا۔

دوسری جانب پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد 3 زخمیوں سمیت 5 ڈاکوئوں کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا۔پولیس نے بتایا کہ لیاری ایکسپریس وے ریکسر لائن کے قریب پولیس نے مبینہ مقابلے بعد 3 ڈاکوں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا جبکہ سہراب گوٹھ تھانے کی حدود میں واردات کے بعد فرار ہونے والے 2 ڈاکوں کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا۔