پی آئی اے پروازجدہ ائیرپورٹ پر 50مسافروں کو چھوڑ آئی

مسافروں نے جدہ سے اسلام آباد آنا تھا تاہم طیارہ چھوٹا ہونے کی وجہ سے 50 مسافروں کو جدہ چھوڑ دیا گیا۔ جدہ رہ جانے والوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ،اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 15 اپریل 2024 13:41

پی آئی اے پروازجدہ ائیرپورٹ پر 50مسافروں کو چھوڑ آئی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اپریل2024 ء) پی آئی اے کی پرواز طیارہ چھوٹا ہونے کے باعث 50مسافروں کو جدہ ائیرپورٹ چھوڑ آئی،مسافروں نے گزشتہ روز جدہ سے اسلام آباد آنا تھا تاہم طیارہ چھوٹا ہونے کی وجہ سے 50 مسافروں کو جدہ چھوڑ دیا گیا۔ جدہ رہ جانے والوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ زیادہ تر مسافر عمرہ زائرین ہیں ، انہوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے ، آج خصوصی طیارہ تمام مسافروں کو جدہ سے لیکر وطن واپس پہنچ جائے گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی پی آئی اے کی جانب سے کئی واقعات میں سامنے آچکے ہیں جس میں قومی ائیر لائن کبھی مسافروں کو چھو ڑ کر واپس آجاتی ہے تو کبھی مسافروں کا سامان ہی بھول آتی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق اس سے قبل بھی پی آئی اے کی جانب سے اسلام آباد سے جدہ جانے والی پرواز کے 50 مسافروں کی کنفرم ٹکٹ کینسل کر دی گئی تھیں۔

پی آئی اے کی اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے جدہ سعودی عرب جانے والی پروازپی کے 741 میں 50 مسافروں کو چھوڑ کر جدہ کیلئے روانہ ہو گئی تھی۔ائیر پورٹ پر کشمیر گلگت سمیت دور دراز سے آنے والے مسافر وں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ اتھا۔ مسافر ائیرپورٹ پر سراپا احتجاج بن گئے تھے جبکہ پی آئی اے حکام نے مسافروں کوٹال مٹول کرتے ہوئے لاہور ائیرپورٹ آنے کا کہا گیاتھا۔

قبل ازیں ایک اور ایسے ہی واقعہ میں پی آئی اے کی مدینہ سے اسلام آباد کی پرواز 50 سے زائد مسافروں کا سامان سعودی عرب میں ہی چھوڑ آئی تھی۔اسلام آباد ائیر پورٹ پر مسافر کئی گھنٹے سامان کا انتظار کرتے رہے تھے اور پی آئی اے کا عملہ ائیر پورٹ سے غائب رہا جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔سامان سعودی عرب میں ہی چھوڑ جانے پر پرواز نمبر PK-714 کے مسافروں نے اسلام آباد ائیر پورٹ پر شدید احتجاج کیا تھا۔