بارشوں کے نقصانات بارے این ڈی ایم اے کو ہدایات جاری کردی ہیں،وزیراعظم شہباز شریف

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کوہدایات جاری کیں ہیں کہ وہاں امدادی سامان پہنچایا جائے جہاں جہاں اس کی ضرورت ہے،اجلاس سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 15 اپریل 2024 13:51

بارشوں کے نقصانات بارے این ڈی ایم اے کو ہدایات جاری کردی ہیں،وزیراعظم ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اپریل2024 ء) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بارشوں کے نقصانات کے حوالے سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ہدایات جاری کردی ہیں، این ڈی ایم اے کو کہا ہے کہ وہاں امدادی سامان پہنچایا جائے جہاں جہاں اس کی ضرورت ہے۔وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی شعبے کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج ہمارا پہلا سیکٹوریل ریویو ہے، ہم معیشت پر کئی اجلاس کر چکے ہیں، آج پاور ڈویڑن کا پہلا سیکٹوریل ریویو ہے، ان بارشوں سے ڈیم بھریں گے اور پن بجلی میں فائدہ ہوگا لیکن اس بارش میں کافی جانی نقصانوں کا بھی ضیاع ہوا ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جو ہمارے سسٹم ہیں، ٹرانسمیشن لائنز ہیں ان کی بہت ہی بری حالت ہے، اور اس میں جتنی بھی کاوشوں ہوں وہ کم ہیں، اس کے بغیر جتنی بھی بجلی پیدا کرلیں لیکن اگر ٹرانسمیشن بہتر نہیں تو کوئی بھی فائدہ نہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے ہدایات دیں کہ ورلڈ کلاس کنسلٹنٹس موجو د ہیں ان کو لے کر آئیں تاکہ وہ رپورٹس دیں اور ہم تیزی کے ساتھ اس سمت میںآگے بڑھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ جو بات آج ہم نے کرنی ہے اس میں پہلے نمبر پر بجلی چوری کو روکنا ہے، مجھے پتا چلا ہے کہ پنجاب میں اس حوالے سے کافی اچھا کام شروع ہوگیا ہے، مجھے یقین ہے کہ باقی صوبے بھی اس پر کام کریں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سرپلس بجلی کا مارجنل قیمت پر کچھ کیا جائے جیسا بھی ہوسکتا ہے اور آج ہائیڈرو پاور کو آگے بڑھانے کے حوالے سے بھی بات ہوگی اور چیئرمین واپڈا کی دیامر بھاشا کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا کیونکہ آخر کار سب نے قابل تجدید توانائی کی طرف ہی واپس آنا ہے، یہ مافیا جو ہے ملک میں ٹینکر مافیا وہ اس ملک کی دولت کو نچوڑ رہا ہے۔