پی ڈی ایم اے، کی کے پی کے میں طوفانی بارشوں کے باعث نقصانات کی رپورٹ جاری

پیر 15 اپریل 2024 17:01

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)نے گزشتہ2روز کے دوران خیبرپختونخوا میں تیز بارشوں کے باعث جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی۔پی ڈی ایم اے نے رپورٹ میں بتایا کہ خیبرپختونخوا میں پچھلے 2روز میں تیز بارش کے باعث حادثات کے نتیجے میں اب تک 7 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہو گئے ہیں، مرنے والے افراد میں 4 بچے، 2 مرد اور ایک خاتون شامل ہے، اس کے علاوہ 4 خواتین، 5 مرد اور 1 بچہ زخمی ہوا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق کئی اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے 84 مکانات کو نقصان ہوا جس میں 15 گھروں کو مکمل، 69 کو جزوی نقصان پہنچا۔بارش کے باعث جانی اور مالی حادثات دیر اپر و لوئر، چترال لوئر، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند اور مالاکنڈ میں رونما ہوئے۔پی ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ چترال لوئر میں کئی بند شاہراہوں کو عام ٹریفک کےلئے کھول دیا گیا، مزید بند سڑکوں پر فوری ٹریفک بحال کرنے کےلئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔