Live Updates

بشریٰ بی بی نے میڈیکل چیک اپ کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی

مجھے خوراک کے ذریعے زہر دئیے جانے کا خدشہ ہے، زہر کے خدشے کے پیش نظر میری صحت پر اثر ہوسکتا ہے، عدالت شوکت خانم یا کسی پرائیویٹ ہسپتال سے ٹیسٹ کرانے کی اجازت دے،موقف

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 15 اپریل 2024 14:51

بشریٰ بی بی نے میڈیکل چیک اپ کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اپریل2024 ء) عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے میڈیکل چیک اپ کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ،وکیل شعیب شاہین کے ذریعے درخواست ہائیکورٹ میں دائر کی گئی۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مجھے خوراک کے ذریعے زہر دئیے جانے کا خدشہ ہے۔بشری بی بی کا کہنا ہے کہ زہر کے خدشے کے پیش نظر میری صحت پر اثر ہوسکتا ہے۔

درخواست میں موقف اپنایاگیا ہے کہ عدالت شوکت خانم یا کسی پرائیویٹ ہسپتال سے ٹیسٹ کرانے کی اجازت دے۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں سب جیل بنی گالامیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںاور میڈیکل چیک اپ کیلئے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ نے درخواست دائر کی ۔درخواست میں مزید موقف میں بتایاگیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو کھانے میں زہر ملا کر دیا جا رہا ہے انہیں ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

سب جیل میں زیادہ ترمرد اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی جبکہ ایک صرف خاتون اہلکار ڈیوٹی دے رہی ہیں ۔سب جیل میں زیادہ تر مرد اہلکاروں کی موجودگی کے باعث بشریٰ بی بی کیلئے ذہنی اذیت کا باعث ہے۔درخواست میں یہ بھی کہاگیاہے کہ بشریٰ بی بی کے کمرے میں آڈیوبگز اور خفیہ کیمرے نصب کئے گئے ہیں جو ان کی پرائیویسی کیخلاف ہے ۔بشریٰ بی بی سے اہلخانہ اور فیملی کی ملاقات کا دورانیہ بھی صرف دس منٹ رکھا گیا ہے اور اہل خانہ و وکلاءکو ملاقات کیلئے چالیس منٹ سے زیادہ انتظارکروایا جاتاہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمجھتی ہیں کہ ان کو کھانے میں کسی قسم کا تیزاب ملا کر دیا جارہاہے ۔بشریٰ بی بی نے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست بھی دائر کی ہے کیونکہ وہ بنی گالا میں خود کو غیر محفوظ سمجھتی ہیں۔درخواست میں یہ استدعا کی گئی ہے کہ عدالت بشریٰ بی بی کو آئین پاکستان میں دئیے گئے بنیادی حقوق کی پاسداری کا حکم دے ۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات