لاپتہ افراد کے کیس کی سماعت ، پشاور ہائی کورٹ نے متعلقہ حکام سے 14 دن میں رپورٹ طلب کرلی

پیر 15 اپریل 2024 17:06

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا ہے کہ ایک کیس میں گرفتار ملزم دیگر درج مقدمات میں گرفتار تصور ہوگا۔پشاور ہائی کورٹ میں 7 لاپتہ افراد کے کیسز کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت اسد قیصر کیس میں دوبارہ گرفتاری کا اصول واضح کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل،ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل،وزارت دفاع کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ایک کیس میں گرفتار ملزم دیگر درج مقدمات میں گرفتار تصور ہوگا،ایسے مقدمات میں عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے حکم دیا کہ کیس میں ڈپٹی سیکرٹری سے کم عہدہ رکھنے والا میری عدالت میں پیش نہ ہو ۔عدالت نے متعلقہ حکام سے 14 دن میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔