کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کو مقامی کوئلے پر منتقل کیا جائے،بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر کیا جائے، وزیراعظم

پیر 15 اپریل 2024 17:31

کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کو مقامی کوئلے پر منتقل کیا جائے،بجلی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) و زیر اعظم شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کو مقامی کوئلے پر منتقل کیا جائے،بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر کیا جائے۔پیر کو وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت بجلی شعبے کے حوالے سے اقدامات پر اعلی سطحی جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کو مقامی کوئلے پر منتقل کیا جائے،ؒبجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر کیا جائے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ ملک میں آئندہ صرف صاف اور کم لاگت پن بجلی اور قابل تجدید کے پلانٹ لگائے جائیں گے۔اجلاس کو بیرونی سرمایہ کاری کے تحت 600 میگاواٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو شمسی توانائی کے اس منصوبے میں بیرونی سرمایہ کاری حوالے سے اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی موجودہ اضافی استعداد کو صنعتوں میں بہتر طریقے سے برؤئے کار لانے کیلئے تجاویز تیار کی جائیں۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ بجلی کی ویلنگ کے نرخوں کو کم کیا جائے تاکہ صنعتی صارفین کو کم لاگت پر بجلی کی فراہمی ممکن ہو۔ شہباز شریف نے کہاکہ صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کیلئے بڑی صنعتوں کے قریب گرڈ اسٹیشنز کا قیام یقینی بنایا جائے۔ شہباز شریف نے کہاکہ ایسے بجلی گھر GENCOs جو فعال ہیں انکی نجکاری کے عمل کو تیز کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ایسے بجلی گھر GENCOs جو غیر فعال اور ناکارہ حالت میں ہیں انکی نیلامی کے عمل کو تیز کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہاکہ عام آدمی کیلئے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہاکہ بجلی شعبے کے گردشی قرضے میں کمی کیلئے شعبے کی ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات جاری ہیں۔اجلاس کو بجلی شعبے کی موجودہ پیداوار اور ترسیلی نظام کے حوالے سے تفصیلات، حکومتی اقدامات اور تجاویز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی. اجلاس کو مستقبل میں بجلی کی کھپت و طلب کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا. اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ درآمدی کوئلے سے چلنے والے منصوبوں کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکے گا بلکہ فی صارفین کیلئے فی یونٹ قیمت میں 2 روپے کمی ممکن ہوگی۔

وزیرِ اعظم نے تمام اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، سردار اویس احمد خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، سابق وزیرِ بجلی محمد علی، رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، رانا احسان افضل، سلمان احمد اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔