وزیراعلی خیبرپختونخوا کی تمام اداروں کو مزید بارشوں کے امکانات کے پیش نظرالرٹ رہنے کی ہدایت

پیر 15 اپریل 2024 20:03

وزیراعلی خیبرپختونخوا کی تمام اداروں کو مزید بارشوں کے امکانات کے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے آئندہ چند دنوں میں مزید بارشوں کے امکانات کے پیش نظر صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ، محکمہ ریلیف اور ریسکیو سمیت تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ وزیراعلی ہاؤس پشاور کی جانب سے جاری بیان کے وزیراعلی نے ہدایت کی کہ بارشوں کے تناظر میں پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد کیا جائے، بارشوں سے ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کرنے کےلئے تمام درکار انتظامات یقینی بنائے جائیں، ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کے عملہ کی فیلڈ میں موجودگی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعلی نے ہدایت کی کہ بارشوں کی وجہ سے دریاؤں میں سیلابی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے، سیلابی صورتحال کے پیش نظر کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے بروقت اقدامات اٹھائے جائیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں آس پاس کی آبادی کو محفوظ بنانے کےلئے انتظامات کئے جائیں، بارشوں سے گرنے والے گھروں کے مکینوں کو عارضی شیلٹرز سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ بارشوں سے شدید متاثر اضلاع میں میڈیکل کیمپس قائم کئے جائیں، ان میڈیکل کیمپس میں ضروری عملے اور ادویات کی موجودگی کےلئے اقدامات کئے جائیں، موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہسپتالوں میں بھی تمام عملے اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے، مختلف حادثات میں ہونے والے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔

وزیراعلی نے ہدایت کی کہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند سڑکوں کو کھولنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، بارشوں سے صوبہ بھر میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ مرتب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف حادثات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہوا، سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، صوبائی حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :