پی ٹی آئی نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر دفترِخارجہ کا بیان نہایت کمزور اور ناکافی قرار دے دیا

اقتدار پر قابض حکومت مشرقِ وسطٰی کی صورتحال پر قوم کی ترجمانی کرنے میں ناکام رہی، قومی امنگوں کے امین قائد ناحق اڈیالہ میں قید کئے جانے کی بجائے عوامی مینڈیٹ کی روشنی میں قومی قیادت کے منصب پر فائز ہوتا تو قوم سے ساتھ مسلم اُمّہ کو درکار قیادت فراہم کرتے۔ ترجمان پی ٹی آئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 15 اپریل 2024 18:40

پی ٹی آئی نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر دفترِخارجہ کا بیان نہایت کمزور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف نے دفترِخارجہ کا بیان نہایت کمزور، مبہم، غیرمؤثر اور ناکافی قرار دے دیا ہے، ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ اقتدار پر قابض حکومت مشرقِ وسطٰی کی صورتحال پر قوم کی ترجمانی کرنے میں ناکام رہی۔ ایکس پر جاری اپنے ردعمل میں ترجمان پی ٹی آئی نے دفترِخارجہ کا بیان نہایت کمزور، مبہم، غیرمؤثر اور ناکافی قرار دے دیا۔

عوامی مینڈیٹ پر کھلے ڈاکے کے نتیجے میں اقتدار پر قابض حکومت کی جانب سے مشرقِ وسطٰی کی مجموعی صورتحال اور حالیہ تصادم پر قومی امنگوں کی ترجمانی کی ناکامی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت، قومی امنگوں کے امین قائد ناحق اڈیالہ میں قید کئے جانے کی بجائے عوامی مینڈیٹ کی روشنی میں قومی قیادت کے منصب پر فائز ہوتا تو قوم سے ساتھ مسلم اُمّہ کو درکار قیادت فراہم کرتے، بےگناہ عورتوں، بچوں اور ضعیف افراد سمیت 35 ہزار فلسطینیوں کو نہایت بےرحمی اور سفّاکیّت سے موت کی نیند سلانے والے عالمی دہشت گرد ملک کیخلاف مؤثر سفارتکاری میں کھلی ناکامی نہایت افسوسناک ہے، قبلۂ اوّل پر ناجائز طور پر قابض اور جارح ریاست پر پاکستان کا قومی مؤقف جناب قائدِ اعظم کے وضع کردہ اصولوں پر استوار ہے، عوامی مینڈیٹ روند کر پچھلے دو سال سے بالعموم اور 8 فروری کے بعد سے بالخصوص اقتدار پر وہ لوگ قابض ہیں جو قابض ریاست کے حوالے سے نہایت مشکوک کردار اور ایجنڈے کے حامل ہیں، مشرقِ وسطٰی میں عالمی طاقتوں کی مجرمانہ پشت پناہی سے انسانیت اور عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانے والے اسرائیل سے خفیہ روابط اور قومی پالیسی سے فرار کی مکروہ کوششیں ان کے نامۂ اعمال کا حصہ ہیں، غزّہ میں نہتّی مقبوضہ آبادی پر قابض ریاست کی غیرانسانی اور وحشیانہ یلغار کے خلاف قوم کے جذبات کو بے جان بیانات اور کھلی بے عملی کی نذر کیا گیا۔

(جاری ہے)

فلسطین کے علاوہ قابض ریاست جیسے عالمی بدمعاش کی دیگر مسلم ممالک کے خلاف جارحیت پر بھی نیم دلانہ مذمتوں کے ذریعے بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کی شرمناک کوشش کی گئی، عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے جارحیت کی مرتکب ایک شریر ریاست کے خلاف ایران کے جوابی اقدام پر جاری بیان میں دفترِ خارجہ اپنے بے جان بیان میں اس قابض ریاست کا نام تک نہیں لے سکا جس کیلئے ہمارا پاسپورٹ تک کارآمد نہیں، پاکستان تحریک انصاف قابض ریاست کو مزید جارحیت سے باز رکھنے اور غزّہ میں فوری جنگ بندی کیلئے عالمی برادری اور مسلم ممالک سے فوری کردار کے مطالبے کا اعادہ کرتی ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اہلِ فلسطین کی امنگوں کی روشنی میں مسئلہ فلسطین کے مؤثرحل کے بغیر قابض ریاست پر قومی مؤقف میں رتی بھر ردوبدل قوم گوارا کرے گی نہ اقتدار پر غاصب غیرمنتخب ٹولے کو اس باب میں سودے بازی کی اجازت دیں گے۔