خیبرپختونخوا میں تین روز کے دوران تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری

تیز بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں 8 افراد جاںبحق ،12 افراد زخمی ہوئے،پی ڈی ایم اے

پیر 15 اپریل 2024 20:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2024ء) پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں تین روز کے دوران تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔ خیبرپختونخوا میں گزشتہ تین روز میں تیز بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں ابتدائی رپورٹ کے مطابق 8 افراد جانبحق جبکہ 12 افراد زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق جانبحق افراد میں 4 بچے 3 مرد اور ایک خاتون جبکہ زخمیوں میں 4 خواتین ، 6 مرد اور 2 بچے شامل ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں دیواریں اور چھتیں گرنے سے مجموعی طور پر 85 مکانات کو نقصان پہنچا جس میں 15 گھروں کو مکمل جبکہ 70 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔ تیز بارش کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع دیر اپر، چترال لوئر، سوات، ملاکنڈ اور باجوڑ میں رونما ہوئے ۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔