لاہور حکومتی نااہلی اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور لا پراہی سے مسائلستان بن چکا ہی: صوفی خلیل بٹ

پیر 15 اپریل 2024 21:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) مجلس شہریانِ لاہور کے صدرصوفی خلیق احمد بٹ ،چیئرمین شیخ محمد انور،وائس چیئرمین ملک محمد الیاس،سینئر نائب صدر فیض الباری،نائب صدر فاروق احمداورڈپٹی سیکرٹری جنرل عمر فاروق خان نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور حکومتی نااہلی اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت اور لا پراہی سے مسائلستان بن چکا ہے۔

ہر شہر لاوارث اور کرپٹ مافیا کے رحم و کرم پر ہے۔ مجلس شہریان لاہور ہر شہری کے حقوق کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرے گی۔ یہ بالکل غیر سیاسی اور فلاحی تنظیم ہے ہر شہری جس کا کسی بھی سیاسی پارٹی، کسی بھی برادری یا کسی بھی مسلک سے تعلق ہو وہ اس کا حصہ بن کر اپنے شہر کو مثالی بنانے میں اپنا کردار اد ا کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

آج کی پریس کانفرنس کا مقصد شہریوں کواحساس تحفظ دلانا اور یہ باور کروانا ہے کہ ہم متحد ہو کر اپنے حقوق حاصل کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔

لاہورکے شہری خود کوبے یارومددگار سمجھتے ہیں، اہلِ اقتدار، شہری انتظامیہ اور بیوروکریسی کی حیثیت خاموش تماشائی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں۔ پرائس کنٹرول کمیٹیاں عضومعطل ہوکررہ گئی ہیں۔ مہنگائی، یوٹیلیٹی بلز، پٹرول، گیس کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ، لاء اینڈ آرڈر کے نفاذ میں ناکامی، بے روزگاری، ٹرانسپورٹ کا ناقص انتظام، شہریوں کو پینے کے صاف پانی فراہم کرنے میں ناکامی، تعلیم، علاج معالجے کو پرائیویٹ سیکٹر کے رحم و کرم پر چھوڑنے کا ظلم کرکے عملاً غریب کیلئے تعلیم اور علاج معالجے کے دروازے بند کردینا، پولیس گردی، شہر میں جابجا قمار بازی اور مساج سینٹرز کے نام پر پولیس کی سرپرستی میں جسم فروشی کے اڈوں کا قیام۔

نشہ سے متعلق ہر قسم کے استعمال اور فراہمی میں آسانیاں، نوجوانوں کی جسمانی، تفریحی وسائل کا معدوم ہونا۔ شہری انتظامیہ کی آشیرباد سے ناجائز تجاوزات کی بھرمار، پالوشن روکنے میں ناکامی، پیدائش، اموات کے سر ٹیفکیٹ کے علاوہ نکاح نامہ رجسٹرڈ کرانا، پراپرٹی کی رجسٹریاں کروانا اس وقت تک ممکن نہیں ہوتا کہ جب تک محکمے کے کرپٹ افسران اور اہلکاروں کی مٹھی گرم نہیں ہوجاتی۔

ایل ڈی اے، لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن، میونسپل ٹاؤنز، واسا، لیسکو سمیت عوام کی خدمت پر مامورادارے خدمت کی بجائے عوام پر قہر ڈھانے کے درپے ہیں۔ لہٰذا یہ یقین پختہ ہوتا جارہا ہے کہ خدانخواستہ مستقبل قریب میں ایسے حالات نہ پیدا ہوجائیں کہ جب ’’تنگ آمد بجنگ آمد‘‘ کے مصداق ستائے جانے والے لوگوں کے ہاتھ بااختیار لوگوں کے گریبانوں تک پہنچ جائیں اور بااختیار لوگ عام لوگوں کے غیظ و غضب کا نشانہ بن جائیں اور اپنے دفاتر میں بیٹھنے سے عوام کے غیظ و غضب کی وجہ سے محروم ہوجائیں کیونکہ بااختیار طاقتوں کے رویے ملک کو انارکی طرف لے کر جارہے ہیں۔

ہم شہریانِ لاہور کے حقوق کے حصول کی قانونی اور آئینی جنگ لڑنے اور جدوجہد کو تیزترکرنے کیلئے شہرِ لاہور کی نمائندہ شہری تنظیم ’’مجلس شہریانِ لاہور‘‘ کے قیام کا اعلان کررہے ہیں۔ ہم شہریانِ لاہور کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کرنے کا وعدہ کرتے ہیں۔ اس مقصد کے لیی(1) بااختیار افراد کو ملاقاتوں کے ذریعے شہریوں کی مشکلات اور مسائل کے حل کیلئے قائل کریں گے۔

(2) پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا، سوشل میڈیا کے ذریعے مسائل کی نشاندہی کرتے رہیں گے۔(3) ضرورت پڑنے پر پُرامن احتجاج سمیت دھرنوں اور دیگر ذرائع کو بروئے کار لائیں گے۔ مجلس شہریانِ لاہور، ذات، برادری، مذہبی مسالک اور سیاسی وابستگیوں سے بے نیاز شہرِ لاہور کی مؤثر آواز ہے۔ ہم تمام شہریوں اور بالخصوص دردِ دل رکھنے والے مردوخواتین کو اس تنظیم کا ممبر بننے کی دعوت دیتے ہیں۔ہم صحافتی تنظیموں اور صحافت سے تعلق رکھنے والے تمام اداروں سے ملتمس ہیں کہ شہرِ لاہور کے جملہ حقوق کے حصول کیلئے ہماری ناتواں، کمزور اور نحیف آواز میں اپنی طاقت ور آواز شامل رکھیں اور ہمارا ساتھ دیں۔