آصفہ بھٹو زرداری کو بلا مقابلہ منتخب کرانے کیلئے پی ٹی آئی امیدوار پر تشدد کیا گیا، بیرسٹرگوہر

پیر 15 اپریل 2024 21:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ آصفہ بھٹو زرداری کو بلا مقابلہ منتخب کرانے کیلئے پی ٹی آئی امیدوار پر تشدد کیا گیا۔پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو میںانہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے یہ لوگ ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات فالو کرنا بھول گئے ہیں،جس کے پاس مینڈیٹ نہ ہو اس کے خلاف احتجاج بنتا ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ انہوں نے ہمارے امیدوار کو تشدد کر کے بٹھایا، آصفہ بھٹو کو بلامقابلہ منتخب کرایا، یہ ان لوگوں کی بدقسمتی ہے کہ موروثی سیاست چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بہتر ہوتا یہ اپنی قابلیت پر آتیں، سوچتا تھا یہ ذوالفقار علی بھٹو کے نظریات کو فالو کریں گے، بدقسمتی سے یہ نظریات بھول گئے۔بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ہم احتجاج کریں، ہماری کوشش ہے کہ آگے کی طرف بڑھیں، ہمیں مجبور کیا جا رہا ہے، اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ جس کے پاس مینڈیٹ نہ ہو اس کے خلاف احتجاج بنتا ہے، ہمارا احتجاج پرامن ہوگا اور تب تک ہوگا جب تک مینڈیٹ واپس نہیں مل جاتا۔