فیصل آباد،سنگین مقدمات میں ملوث پولیس کانسٹیبل کی منشیات فروش سے منتھلی لینے کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی

پیر 15 اپریل 2024 22:48

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) سنگین مقدمات میں ملوث پولیس کانسٹیبل کی منشیات فروش سے منتھلی لینے کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی،آن لا ئن کے مطابق تھانہ صدر فیصل آباد میں تعینات پولیس کانسٹیبل رائے سرفراز جو کہ سنگین مقدمات میں ملوث رہا ہے اور اسی الزام میں متعدد مرتبہ معطل بھی ہو چکا ہے مگر سیاسی پست پناہی کی بنا پر دوبارہ بحال ہو جاتا ہے مذکورہ کانسٹیبل نے جڑانوالہ میں تعیناتی کے دوران مبینہ طور پر منشیات فروشوں کیساتھ ذاتی مراسم قائم کئے اور اپنی سرپرستی میں منشیات فروشی کا مکروہ دھندہ کروا رہا ہے، ذرائع کے مطابق مذکورہ کانسٹیبل مبینہ طور پر منشیات فروشوں سے ماہانہ لاکھوں روپے کی منتھلی اکٹھی کر رہا ہے مذکورہ کانسٹیبل کی تھانہ سٹی کی حدود محلہ شوکت آباد میں مبینہ منشیات فروش سے منتھلی لینے کی ویڈیو منظر عام پر آ چکی ہے حاصل ہونیوالی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پیسوں کے لین دین پر مبینہ منشیات فروش اور مذکورہ کانسٹیبل میں بحث و تکرار ہو رہی ہے اور مذکورہ کانسٹیبل اپنا حصہ لیکر چلا جاتا ہے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ کانسٹیبل اب لمبی ڈیہاریاں لگانے کی خاطر مبینہ طور پر ناجائز فروشوں سے اپنی منشیات فروخت کروا رہا ہے اور منشیات فروشوں کا سہولت کار بن چکا ہے، عوامی سماجی حلقوں نے وزیر اعلی پنجاب،آئی جی پنجاب،آر پی او،سی پی او فیصل آبادسے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشوں کے سہولت کار کانسٹیبل کو فی الفورنوکری سے برخاست کیا جائے۔