فلسطینی صورتحال پوری امت کیلئے کڑا امتحان ہے : جے یو آئی

غزہ کی صورتحال مسلم حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے جو صرف بیانات اور لفظی مذمت تک محدود ہیں

پیر 15 اپریل 2024 22:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) امیر جمعیت علما اسلام سٹی لاہور محمد افضل خان،جنرل سیکرٹری حافظ عرفان شجاع بٹ،سالا رمولانا محمد عمیر مہمند، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الودود شاہد،صدر لائرز فورم لاہور محمدہاشم تہامی ایڈووکیٹ،صدر لائرز فورم سٹی لاہورفیضان شجاع بٹ ایڈووکیٹ،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات قاری منظور الحسن چترالی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ فلسطینی صورتحال پوری امت کیلئے کڑا امتحان ہے ،فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلامی ممالک تمام یہودی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کر یں، غزہ کی صورتحال مسلم حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے جو صرف بیانات اور لفظی مذمت تک محدود ہیں۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ غزہ بحران فلسطینیوں کانہیں عالم اسلام اوربالخصوص مسلم حکمرانوں کاامتحان ہے، بحیثیت اسلامی برادری ہم اس میں کسی طرح کی ناکامی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔تاریخ کے اوراق گواہ ہیںباری باری مسلمان ملکوں کوتختہ مشق بنایا گیا اوروسائل ہڑپ کرنے کیلئے ان کی اینٹ سے اینٹ بجائی گئی لہٰذااس بدترین جارحیت کیخلاف بھرپورمزاحمت ناگزیر ہے ۔