اس وقت ملک کا مسئلہ بارڈر نہیں فوڈ سیکیورٹی ہی: خالد کھوکھر

پیر 15 اپریل 2024 23:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2024ء) کسان اتحاد کے چیئرمین خالد کھوکھر نے کہا ہے کہ کسانوں کو گندم کی قیمت پر شدید تحفظات ہیں، حکومت ہم سے گندم خریداری یقینی بنائے اور 3900 روپے فی من کے ریٹ پر بھی نظر ثانی کرے ورنہ ہم سڑکوں پر آئیں گے۔ پاکستان کسان اتحاد کے صدر خالد کھوکھر اور خالد باٹھ نے کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب سے وقت مانگ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کا مسئلہ بارڈر نہیں فوڈ سیکیورٹی ہے، دنیا میں زراعت کے لئے 20 سالہ پالیسی دی جا رہی ہے ہمارے پاس ایک ماہ کی بھی پالیسی نہیں ہے، حکومت نے گندم امپورٹ کر کے کسانوں سے زیادتی کی ہے، باردانہ پالیسی پر نظر ثانی کی جائے۔کسان اتحاد خالد باٹھ گروپ کے چیئرمین خالد باٹھ نے ساتھیوں سمیت کفن پہن کر لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کسی بھی جنس گندم، مکئی، کپاس کی قیمت نہیں دی جا رہی، حکومت نے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی نہ کی تو 29 تاریخ کو پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کریں گے۔