سکھر میں سات روزہ ’’سندھ تھیٹر فیسٹیول 2024ء ‘‘ کا آغاز

سندھ تھیٹر فیسٹیول پورا ہفتہ آرٹس کونسل آف پاکستان سکھر میں جاری رہے گا

منگل 16 اپریل 2024 11:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور سکھر آرٹس کونسل کے مشترکہ تعاون سے سکھر میں سات روزہ ’’سندھ تھیٹر فیسٹیول 2024ء ‘‘ کا افتتاح سابق وزیر اطلاعات، اقلیتی امور، سماجی تحفظ و صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے کردیا۔اس موقع پر سکھر آرٹس کونسل کے صدر ممتاز بخاری اور آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف احمد شیخ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

سابق وزیر اطلاعات، اقلیتی امور، سماجی تحفظ و صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے سندھ تھیٹر فیسٹول 2024 کی افتتاحی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سکھر میں سندھ تھیٹر فیسٹول 2024 کا افتتاح کر رہے ہیں، سندھ تھیٹر فیسٹیول پورا ہفتہ آرٹس کونسل آف پاکستان سکھر میں جاری رہے گا، ہم نے سکھر میں تاریخ ساز پاکستان لٹریچر فیسٹیول کا انعقاد کروایا، پاکستان لٹریچر فیسٹیول پاکستان سمیت امریکا تک لے کر گئے، جو رسپانس ہمیں سکھر سے ملا وہ قابل ستائش تھا، دو لاکھ سے زائد افراد نے پاکستان لٹریچر فیسٹیول سکھر میں شرکت کی جس میں پچیانوے فیصد نوجوان شامل تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکھر کے بارے میں مشہور ہے کہ بری خبریں ہی سننے کو ملتی ہیں، جب آپ کچھ کریں گے تب ہی شہر آباد ہوں گے، سکھر شہر کی ایک بہت بڑی تاریخ ہے، سکھر آرٹس کونسل میں سیکڑوں بچے آرٹ اینڈ میوزک سیکھ رہے ہیں، سکھر سے زبردست ٹیلنٹ نکل رہا ہے۔