صوبہ بھر میں18 سے 21 اپریل تک طوفانی بارشوں کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان،متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کردیا گیا،ڈی جی پی ڈی ایم اے

منگل 16 اپریل 2024 13:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) ڈی جی پی ڈی ایم اے علی عرفان کاٹھیا نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں18 سے 21 اپریل تک طوفانی بارشوں کے ساتھ آسمانی بجلی کی گرج چمک اور تیز ہوائیں/جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں محکمہ صحت ، آبپاشی ، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ ، لایئو سٹاک ،انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ،واسا، پنجاب پولس اور سول ڈیفنس کو بھی موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے منگل کو جاری بیان میں بتایا کہ کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال ہے اور نشیبی علاقوں میں بسنے والوں کو اداروں کا مکمل تعاون حاصل ہو گا جبکہ دریائوں اور ندی نالوں کے کناروں پر بسنے والے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانی کے بہائو کو ممکن بنا کر جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ اس سلسلہ میں وزیر اعلی پنجاب نے واضح ہدایات جاری کر دی ہیں، کوتاہی یا غیر ذمہ داری ہرگز برداشت نہیں ہو گی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ محکمہ کی اولین ترجیح ہے تاہم احتیاطی تدابیر اپنا کر طوفانی بارشوں میں نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پرنٹ الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو آئندہ موسمی صورتحال بارے آگاہی بھی دی گئی ہے۔عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن چوبیس گھنٹے عوام کیلئے موجود ہے۔

شہری ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم کی ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122 پر رابطہ کریں۔ دریں اثنا کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبے بھر کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ندی نالوں کے راستے میں رکاوٹوں کو فی الفور ہٹایا جائے اورریسکیو ادارے کسی بھی ایمرجنسی صورتحال کے لئے تیار رہیں ۔ریلیف کمشنر نے کہا ہے کہ تمام ادارے مل کر باہمی تعاون سے ہی قدرتی آفات کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔