این اے 81سے لیگی رہنما اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار

ہائیکورٹ نے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بلال اعجاز کی بطور رکن قومی اسمبلی رکنیت بحال کردی

منگل 16 اپریل 2024 15:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے حلقہ این اے 81گجرانوالہ سے (ن) لیگ کے رہنما اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بلال اعجاز چودھری کی رکنیت بحال کردی۔لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے سنی اتحاد کونسل کے بلال اعجاز چودھری کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے رانا عثمان غنی اور سردار لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ بلال اعجاز چودھری 8 ہزار ووٹوں سے کامیاب قرار پائے، ریٹرننگ افسر نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر درخواست گزار کا ڈھائی ہزار ووٹ کم کر دیا ، استدعا ہے کہ عدالت (ن) لیگی امیدوار اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرے۔ سماعت کے دوران عدالت نے حلقہ این اے 81گجرانوالہ سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دے دیا جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار بلال اعجاز کی بطور رکن قومی اسمبلی رکنیت بحال کردی۔