Live Updates

مئی کیس، علی امین گنڈاپورکی 12 مقدمات میں ضمانت منظور

ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مینڈیٹ بانی پی ٹی آئی کو ملا ہے، ہماری جنگ جاری رہے گی، نظام کو پیغام ہے کہ ملک پر رحم کریں،وزیر اعلیٰ کے پی کے

منگل 16 اپریل 2024 16:10

مئی کیس، علی امین گنڈاپورکی 12 مقدمات میں ضمانت منظور
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس کے 12 مقدمات میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ضمانت منظور کرلی۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا 9 مئی کے مقدمات میں ضمانتوں کے لیے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے، جج ملک اعجاز آصف نے درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کی۔

عدالت نے علی امین گنڈاپور کو ذاتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت بھی جاری کردی۔بعد ازاں عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اس لیے عدالت میں پیش ہو گئے، نظام دن بدن خود کو ایکسپوز کر رہا ہے، 6ججز کے خط پر کمیشن بننا بہت ضروری ہے، ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مینڈیٹ بانی پی ٹی آئی کو ملا ہے، ہماری جنگ جاری رہے گی، نظام کو پیغام ہے کہ ملک پر رحم کریں۔

(جاری ہے)

انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علی امین نے کہا کہ پنجاب میں سختی کی گئی لوگ نہیں نکل سکے، عوام نے خود جا کر نشان ڈھونڈ کر پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مبارک باد دیتا ہوں کہ قوم جاگ چکی ہے، بانی پی ٹی آئی جلد باہر آئیں گے اور وزیر اعظم بھی ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات پر بانی پی ٹی آئی سے کوئی ناراضگی نہیں، وزیراعظم اس وقت ملک کو لیڈ کر رہے ہیں ظاہر ہیں صوبے کے معاملات پر انہی سے ملاقات ہو گی، جب ملک پلانز پر چلے گا اور فرد واحد اپنی مرضی کے مطابق ملک چلائے گا تو ایسا ہی ہو گا، یہ اتنے ایکسپوز ہوں گے کہ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔

وزیر اعلی نے کہا کہ ہمارے خلاف بیانات کیسے آئے یہ آپ کو پتہ ہے، ججز کے خط کے بعد چیزیں کھل چکی ہیں، مجھ پر جو مقدمات ہیں ان کے مطابق میں ایک وقت پر 8 ضلعوں میں موجود ہوں اور وہاں کارروائیاں کر رہا تھا۔انہوںنے کہاکہ عدت نکاح کیس میں بشری بی بی کو سزا دی گئی یہ کتنی شرم ناک بات ہے، ہم کتنے گھٹیا ہو چکے ہیں، ہم نے بشری بی بی کی صحت پر ان کو خط لکھا تھا کہ ان کے معائنہ کے یئے ہمیں اجازت دی جائے۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات