Live Updates

ضلعی انتظامیہ کی روٹی و نان کی مقررہ قیمت پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے مختلف علاقوں میں کارروائی، خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو جرمانے کئے

منگل 16 اپریل 2024 16:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسران نے روٹی و نان کی مقررہ قیمت پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے خلاف ورزی پر جرمانے عائد کر دیئے ۔ترجمان کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کی طرف سے روٹی و نان کی قیمت میں کمی کے بعد ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف کی منتقلی کے لیے متحرک ہے ۔

اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 3496 مقامات کی چیکنگ کی ،79 مقدمات درج کیے اور 592 روٹی و نان پوائنٹس کو جرمانے عائد کیے ۔ اے سی سٹی نے248، شالیمار 229 اور اے سی رائیونڈ نے 132 مقامات چیک کیے۔ اے سی ماڈل ٹائون نے 461، اے سی کینٹ نے 110 پوائنٹس کو خود چیک کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 592 روٹی و نان پوائنٹس پر قیمتوں کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانے عائد کیے گئے اور 79 افراد کو حراست میں لیا گیا، روٹی نان نرخوں کی خلاف ورزی پر 10 لاکھ 50 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ روٹی اور نان کی نئی قیمتوں کے اطلاق کے لئے ضلعی انتظامیہ پوری طرح سے متحرک ہے،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق عوام تک ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ڈی سی لاہور نے مزید کہا کہ شہری اپنے اردگرد روٹی نان قیمتوں کی خلاف ورزی پر فوراًہمیں سوشل میڈیا یا کال پر اطلاع دیں،روٹی نان پوائنٹس کی شکایت کے لیے وزیر اعلی پنجاب ہیلپ لائن 0800003245 پر شکایت کا اندراج کروایا جا سکتا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات