لہہ ایپکس باڈی کل سے اسکانگ چو تھانگ تک احتجاجی مارچ کا آغازکرے گی

منگل 16 اپریل 2024 16:16

لہہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے خطے لداخ میں ماحولیاتی تحفظ کے علمبردار سونم وانگچک نے کہاہے کہ لہہ ایپکس باڈی کل17اپریل کو ہماچل پردیش کی سرحد کے قریب اسکانگ چو تھانگ تک پانچ روزہ پیدل مارچ کا آغاز کرے گی تاکہ ان چرواہوں سے اظہاریکجہتی کیا جا سکے جن کو بڑے صنعتی منصوبوں کی وجہ سے اپنی چراگاہوں سے محروم کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لہہ ایپکس باڈی اورکرگل ڈیموکریٹک الائنس لداخ کو ریاست کا درجہ دلانے اور لداخ کے عوام کو آئینی حقوق کی ضمانت دلانے کے لئے گزشتہ چار سال سے مل کر ایک تحریک چلا رہے ہیں۔ سونم وانگچک نے کہا کہ احتجاجی مارچ کا واحد مقصد لداخ کو درپیش مشکلات ان حکام تک پہنچانا ہے جنہوں نے لداخ کے عوام سے وعدے کررکھے ہیں۔ لہہ ایپکس باڈی نے پہلے 7 اپریل کو سرحد(پشمینہ)مارچ کی کال دی تھی تاکہ ان کسانوں کی حالت زار کو اجاگر کیا جا سکے جو بڑے صنعتی منصوبوں اوردیگر اقدامات کی وجہ سے اہم چراگاہوں سے محروم ہورہے ہیں۔تاہم قابض حکام کی جانب سے پابندیاں عائد کرنے اور انٹرنیٹ کو 2G تک محدود کرنے کے بعد مارچ کی کال واپس لی گئی تھی۔