خیبرپختونخواہ حکومت نے سابق وزرائے اعلیٰ کا پروٹوکول ختم کر دیا

محکمہ سٹیبلشمنٹ نے اعلامیہ جاری کردیا، سابق وزرائے اعلیٰ سے سیکرٹریز کی خدمات واپس لے لیں گئیں

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 16 اپریل 2024 15:26

خیبرپختونخواہ حکومت نے سابق وزرائے اعلیٰ کا پروٹوکول ختم کر دیا
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اپریل2024 ء) خیبرپختونخواہ حکومت نے سابق وزرائے اعلیٰ کا پروٹوکول ختم کر دیا، محکمہ سٹیبلشمنٹ نے اعلامیہ جاری کردیا، سابق وزرائے اعلیٰ سے سیکرٹریز کی خدمات واپس لے لیں گئیں۔سابق وزیر اعلیٰ حیدر خان ہوتی کے سیکرٹری خادم حسین کوسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی جبکہ پرویز خٹک کے سیکرٹری علی حسین قریشی کو محکمہ تعلیم رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسی طرح سابق وزیر اعلیٰ پیر صابر شاہ کے سیکرٹری سید حارث شاہ کو محکمہ آبپاشی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی۔سابق وزیر اعلیٰ سردار مہتاب احمد خان کے سیکرٹری عبیداللہ سلیم کو سٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں تعینات کر دیاگیا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخواہ حکومت نے سابق وزراءاعلیٰ کا پروٹوکول ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

جب کہ 8 مارچ کو کابینہ اجلاس میں سابق وزرائے اعلی کا پروٹوکول ختم کرنے کی منظوری بھی لی گئی تھی۔اسی طرح گزشتہ ماہ خیبرپختونخوا کے 7 وزرائے اعلیٰ سے پروٹوکول ، سکیورٹی اور عملہ واپس لینے کے لئے متعلقہ اداروں کو مراسلہ ارسال کردیا گیا تھا۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورکے فیصلے پرعمل درآمد شروع کر دیاگیاتھا۔ سابق 7 وزرائے اعلیٰ سے پروٹوکول، ڈرائیور،سکیورٹی اور دیگرعملہ واپس لینے کے آرڈرز جاری کر دئیے گئے تھے۔

محکمہ انتظامیہ نے عملدرآمد کیلئے متعلقہ اداروں کو مراسلہ ارسال کردیا تھا۔ 2007 کے بعد وزیراعلیٰ کے پروٹوکول میں کافی اضافہ کیا گیا تھا۔دستاویز میں بتایاگیا تھا کہ ڈرائیور،8 گن مین ،گریڈ 17 کا پی ایس وزیراعلیٰ کے پاس تاحیات تعینات رہتا تھا، اس فیصلے کے بعد 7 ڈرائیور، 56 گن مین اور 7 افسران واپس ہو جائیں گے۔ نگران اور منتخب سابق وزائے اعلیٰ کو تمام مراعات حاصل تھیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپورنے 8 مارچ کوسابقہ وزرائے اعلیٰ کی تمام مراعات ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔