فرنٹیئر کور نارتھ خیبرپختونخواہ کی انسداد اسمگلنگ کارروائی ،پان ، چھالیاں اور غیر ملکی ادویات ضبط کر کے نذر آتش کر دیں

منگل 16 اپریل 2024 17:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) فرنٹیئر کور نارتھ خیبرپختونخواہ نے انسداد اسمگلنگ کی کاروائیاں کرتے ہوئے پان ، چھالیاں اور غیر ملکی ادویات ضبط کر کے نذر آتش کر دیں ۔ جاری بیان کے مطابق چترال، دیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزء اور سوات میں منشیات، کرنسی اور غیر ملکی اشیاء کی سمگلنگ کی روک تھام کے سلسلہ میں اہم اقدامات کے ذریعے بڑی سطح پر کامیاب کاروائیاں کی گئیں۔

ان میں اشیاء خوردونوش، گھریلو استعمال کے برقی آلات، کپڑا، ٹائر، آٹو پارٹس اور غیر ملکی جدید اسلحہ شامل ہے۔ اس کے ساتھ 42 میٹرک ٹن کی ممنوعہ اشیاء بشمول سیگریٹ، پان، چھالیا اور غیرملکی ادویات ضبط کر کے متعلقہ اداروں کے زیر نگرانی نذرآتش کی گئیں۔ ایف سی نارتھ خیبرپختونخواہ نے افغانستان غیرقانونی سمگل ہونے والا چھ کلوگرام سونا اور بھاری مقدار میں غیرملکی کرنسی بھی ضبط کی۔

(جاری ہے)

انسداد منشیات کی کارروائیوں میں 5100 کلوگرام مختلف اقسام کی منشیات برآمد کر کے قانونی کارروائی کے لئے متعلقہ اداروں کے حوالے کی گئی، ان تمام کارروائیوں میں 104 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جا چکا ہے، فرنٹیئر کور نارتھ خیبرپختونخواہ اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ سرگرم عمل ہے۔