پیٹرولیم قیمتوں میں حالیہ تازہ اضافے کیخلاف احتجاجی اجلاس

متفقہ قرارداد کے ذریعے پیٹرولیم قیمتوں میں حالیہ اضافے کی مذمت، واپسی کا مطالبہ

منگل 16 اپریل 2024 17:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی)پاکستان کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی سے بے انتہا پریشان ہے اور حکومت ہے کہ آئے دن کبھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور کبھی بجلی و گیس کے نرخوں میں اضافہ کررہی ہے جبکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ مہنگائی کے عفریت کو قابو کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں لیکن لگتا ہے کہ حکومت کو مہنگائی سے پیدا ہونے والی عوام کی پریشانیوں اور الجھنوں کی پروا نہیں ہے بہر حال حکومت کو آئین پاکستان کی بنیادی حقوق سے متعلق شقوں پر عملدرآمد کرنا چاہئے اور عوام سے جینے کا حق چھین کر آئین کی توہین نہیں کرنا چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اورنگی ٹان کی سول سوسائٹی کے افراد کے گلشن ضیا میں منعقدہ رشید فضل کی رہائشگاہ پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ تازہ اضافے کے خلاف احتجاجی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں رانا علی حیدر، محمد علی، محمد اصغر اسرافیل، جمال الدین کشمیری، محمد ممتاز و دیگر موجود تھے اجلاس میں ایک متفقہ مذمتی قرارداد میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی مذمت کی گئی جبکہ ایک دوسری قرارداد کے ذریعے حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا اور کہا گیا کہ مہنگائی عوام کا سلگتا ہوا مسئلہ ہے اس مسئلے کے حل تک خاموش نہیں بیٹھیں گے۔