معاون خصوصی برائےٹیکنیکل ایجوکیشن خیبر پختونخوا کاگورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سنٹر گلبہار کادورہ، تدریسی و تربیتی پروگرامز کاجائزہ لیا

منگل 16 اپریل 2024 17:32

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے انڈسٹری، کامرس و ٹیکنیکل ایجوکیشن عبدالکریم تورڈھیر نے گورنمنٹ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سنٹر گلبہار پشاورکا اچانک دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے پہلے رجسٹر، سٹاف کی بائیو میٹرک حاضری چیک کی، 13 مختلف شعبہ جات میں جا کر تدریسی و تربیتی پروگرامز کا جائزہ لیا، اساتذہ و طلباء سے ملاقاتیں کیں اور سنٹر کے پرنسپل سے تفصیلی گفتگو کی۔

دورے کے موقع پر سنٹر کے پرنسپل و دیگر انتظامی و تدریسی عملہ سے گفتگو میں انہوں نے سنٹر کی استعداد کار کو بڑھاتے ہوئے اس کو مالی طور پر مستحکم و خود انحصاربنانے کے لئے مختلف تجاویز کو عملی جامہ پہنانے پر زور دیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ گلبہار کے ووکیشنل سنٹر کو مالی طور پر مستحکم کرنے کیلئے خود انحصاری کی تجاویز پر کام کرنے کی فوری ضرورت ہے، انہوں نے تجویز پیش کی کہ یہاں کے ماہرین و طلباء کے فن کو ایسے ماڈل پر ڈھالنے کی ضرورت ہے کہ یہاں تیار ہونے والی اشیاء مارکیٹ کے لئے نمونے کے طور پر کام آئیں اور سنٹر اتنی پروڈکشن کرنے کے قابل ہو کہ سنٹر اپنا سالانہ بجٹ خود برداشت کرسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ادارہ کو تربیت کے علاوہ کمرشل سطح پر بھی کام شروع کرنے کی ضرورت ہے۔کمرشل سطح پر کام کے آغاز سے ادارہ خود انحصاری کی طرف گامزن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایسی تجاویز سے سنٹر کی استعداد کار اور اس میں دی جانے والے مہارتیں مارکیٹ کی ضروریات کے ہم پلا ہوں گی اور یہاں سے مہارت حاصل کرنے والے طلباء اپنا کاروبار شروع کرکے صوبے میں ملازمت پیدا کرنے میں مددکریں گے۔

معاون خصوصی نے سنٹر کی انتظامیہ کو اس تجویزپر عمل کیلئے اقدامات شروع کرنے کے ساتھ تکنیکی تربیت کے مختلف پہلوؤں پر توجہ بڑھانے، تکنیکی ماہرین و دیگر عملہ کی حاضری بائیو میٹرک طریقے سے یقینی بنانے اور طلباء کی حاضری یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔ معاون خصوصی نے انسٹیٹیوٹ مینجمنٹ کمیٹی میں متعلقہ ماہرین کو شامل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ان کی مفید آراء سے استفادہ کیا جاسکے۔