آپریشن جدول تھری کے جنگلی جانوروں وپرندوں کی مکمل بازیابی تک بلا تفریق جاری رہے گا، ڈی جی وائلڈلائف

منگل 16 اپریل 2024 18:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈپارکس پنجاب مدثر ریاض ملک کی نگرانی میں پنجاب بھر میں وائلڈ لائف کومبنگ آپریشن تاحال جاری ہے،جس کے نتیجے میں ابتک3151 تحفظ شدہ جنگلی جانور اور جنگلی پرندے ضبط کئے جاچکے ہیں۔ گزشتہ ماہ مارچ کے آخری عشرے میں سینئر صوبائی وزیر کی ہدایت پر صوبہ بھر میں وائلڈ لائف کومبنگ آپریشن ڈی جی وائلڈلائف کی براہ راست نگرانی میں شرو ع کیاگیا۔

آپریشن کے دوران صوبہ کے تمام اضلاع میں بلا تفریق کارروائیاں کی گئیں اور کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں صوبہ بھر سے ابتک 3151تحفظ شدہ جنگلی جانور وپرندے ضبط کئے گئے ۔ ضبط کئے جانیوالے ان جنگلی جانوروں میں 14کالے ریچھ ، 34بندر ،01 ٹائیگر ،01شیرنی ، 01 بھیڑیا،01 پینگولین ،02جنگلی بلیاں ،02 سیوٹ کیٹس ، 01 لنگور ،01 بھیڑیا،01 اڑیال کا بچہ ،01 نیول ااور01 اژدھا شامل ہیں جبکہ ضبط شدہ جنگلی پرندوں میں 127را طوطے ،274 گانی دار ،میکائو،بجریگر ،کاک ٹیل اور عام طوطے ،102کالے ،بھورے وسی سی تیتر،39 چکوریں ،106بٹیر انواع و اقسام کے 26 فیزنٹس،35 مور،54 لالیاں ،شارکیں اور84 دیگر جنگلی پرندے جن میں کبوتر،فاختائیں اور ننھے پرندے شامل ہیں،آپریشن کے دوران 25 نایاب سانڈھے بھی برآمدہوئے ۔

(جاری ہے)

ضبط کئے گئے متعددجنگلی جانوروں پرندوں کو برائے افزائش نسل ومناسب جوڑا بندی مختلف چڑیا گھروں،پارکوں اور محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ زیادہ ترتعداد کو قدرتی ماحول میں آزاد کردیاگیا۔خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف لاکھوں روپے میں عدالتی ومحکمانہ جرمانے بھی کئے گئے ۔ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف مدثر ریاض ملک نے صوبہ میں جاری اس آپریشن کی کامیابی کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے اس عزم کااظہارکیا ہے کہ تحفظ شدہ جنگلی جانوروں و پرندوں کی مکمل بازیابی تک کومبنگ آپریشن بلا تفریق جاری رہیگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وائلڈ لائف ایکٹ کے جدول تھری میں شامل جنگلی جانور و پرندے غیر قانونی قبضے میں رکھنا جرم ہے اور اس بابت عوام کو سوشل میڈیا و دیگر ذرائع ابلاغ سے آگاہی بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔