Live Updates

وزیرزراعت پنجاب کی زیر صدارت کاشتکاروں کو سپر سیڈرز آور رائس سٹرا شریڈرز کی فراہمی سے متعلق اجلاس

فیصد سبسڈی کے تحت 700سے زائد کاشتکاروں میں سپرسیڈر اور رائس سٹرا شریڈرز فراہم کئے جارہے ہیں ‘عاشق حسین کرمانی

منگل 16 اپریل 2024 18:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیرِ صدارت کاشتکاروں کو سپر سیڈرز اور رائس سٹرا شریڈرز کی فراہمی سے متعلق زراعت ہاس لاہور میں اجلاس کا انعقاد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

اس ضمن میں 60فیصد سبسڈی کے تحت 700سے زائد کاشتکاروں میں سپرسیڈر اور رائس سٹرا شریڈرز فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ مشینی زراعت کو فروغ حاصل ہو سکے اور کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی واقع ہو۔انھوں نے کہا کہ سپر سیڈرز اور رائس سٹرا شریڈرز کی فراہمی سے سموگ کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی اور فصلوں کی باقیات کی تلفی جدید زرعی مشینری سے استعمال سے ممکن ہو سکے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ ان آلات کی مینوفیکچرنگ کے دوران کوالٹی اور سٹینڈائزیشن کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے اور ان آلات بنانے والی فرمز کے مالکان پر واضح کیا جائے کہ مشینری کی کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اگلے دو سال کے دوران مشینی زراعت کو فروغ دینے کیلئے 10 ارب روپے کی لاگت سے 25000 جدید زرعی آلات و مشینری کاشتکاروں میں سبسڈی کے تحت تقسیم کی جائے گی۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے انسداد سموگ پروگرام کے تحت21اضلاع سے 710کاشتکاروں کی درخواستیں موصول ہوئیں جن کو شفاف قرعہ اندازی کے بعد سپر سیڈر اوررائس سٹرا شریڈرز کی آلاٹمنٹ کی گئی ہے جنہیں یہ آلات20جون 2024تک پہنچائے جائیں گے۔ ان آلات کو مقامی ممبر قومی و صوبائی اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں کاشتکاروں میں تقسیم کیا جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ جدید مشینری کی فراہمی سے کاشتکاروں کے وقت اور لیبر کی بچت ہونے کے ساتھ پیداواری لاگت میں بھی کمی واقع ہو گی۔اجلاس میں اسپیشل سیکرٹری زراعت ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (پلاننگ)کیپٹن (ر) وقاص رشید،ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر اشتیاق حسن، ڈائریکٹر جنرل زراعت (اصلاح آبپاشی)ملک محمد اکرم،ڈائریکٹر جنرل زراعت فیلڈ انجینئر سہیل احمد، کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر انجم علی، چیف پلاننگ اینڈ ایویلوایشن سیل ڈاکٹر آصف قریشی اور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات