پنجاب بھر میں 1235 ٹریفک حادثات ، 10افراد جاں بحق، 1352زخمی ہوئے

منگل 16 اپریل 2024 18:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ نے گذ شتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1235ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں605افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔747معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیومیڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔

ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (73فیصد)موٹر سائیکلز حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی ا عداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں662ڈرائیوز،36کم عمرڈرائیور، 515مسافراور185پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ265ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی درالحکومت293متاثرین کے ساتھ پہلے فیصل آباد 97حادثات میں113متاثرین کے ساتھ دوسرے ملتان80حادثات میں 83متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبرپررہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل1362متاثرین میں 1046مرد اور316خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں 224افراد کی اوسط عمر18سال سے کم اور753افراد کی اوسط عمر 18سے 40سال کے درمیان جبکہ385زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے۔ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں1084موٹرسائیکلز،74آٹورکشے،138کاریں ،31وین،14مسافر بسیں ،20ٹرک اور88دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔