ڈویژنل انتظامیہ نے حالیہ بارشوں کے حوالے سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ ڈیرہ کو اہدایات جاری کردیں ، کمشنرڈیرہ

منگل 16 اپریل 2024 20:36

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) کمشنرڈیرہ ظفر الاسلام خٹک نے کہا ہے کہ ڈویژنل انتظامیہ نے حالیہ بارشوں کے حوالے سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ ڈیرہ ، ٹانک ا ور وزیرستان اپر و لوئر سمیت محکمہ ایری گیشن اور ریسکیو1122کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ منگل کو یہاں اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر وقت ان کے دفتر کے دروازے کھلے ہیں ، صفائی کے نظام کی بہتری کیلئے جلد ہی ہفتہ صفائی منایا جائیگا، جس میں صفائی کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کے تمام نالوں کی صفائی کا کام کرایاجائے گا، حالیہ بارشوں کے دوران ضلع ٹانک میں سیلابی پانی سے جاں بحق تین افراد سمیت فصلات اور سڑکوں کو پہنچنے والے نقصانات کے حوالے سے ڈویژنل انتظامیہ رپورٹ تیار کرکے خیبرپختونخواحکومت کو بھجوا رہی ہے، جس کے بعد ان نقصانات کے ازالہ کیلئے اقدامات کئے جائینگے۔

(جاری ہے)

کمشنر ظفر الاسلام خٹک کا کہنا تھاکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے44ڈیرہ اور تحصیل چیئرمین درابن کے بلدیاتی ضمنی انتخابات کے حوالے سے ڈویژنل انتظامیہ نے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے، پرامن ماحول میں انتخابات کا صاف و شفاف انعقاد یقینی بنائیں گے، انہوں نے کہاکہ گومل زام کمانڈ ایریا پراجیکٹ کا 70فیصد کام مکمل ہوچکاہے اور یہ پراجیکٹ 30جون 2024کو ختم ہوناہے، بقایا 30فیصدکام کو مکمل کرنے کے حوالے سے کل بدھ17اپریل 2024کو اجلاس کا انعقاد کیا جارہاہے۔