صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں حالیہ بارش کے بعد صفائی کی صورتحال ابتر

جگہ جگہ کچرے کے ڈھیروں کے علاوہ بارش اورسیوریج کے پانی نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا

منگل 16 اپریل 2024 22:49

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2024ء) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں حالیہ بارش کے بعد صفائی کی ابتر صورتحال کے باعث جگہ جگہ کچرے کے ڈھیروں کے علاوہ بارش اورسیوریج کے پانی نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا بارشوں کا سلسلہ تھمنے کے باوجود سیوریج کی ابتر صورت حال اور صفائی کے نامناسب انتظامات کے باعث مختلف سڑکوں ، علاقوں اور مقامات پر نہ صرف برساتی بلکہ نالیوں کا گندہ پانی بھی موجود ہے۔

کچرے اور گندگی کے ڈھیر بھی صفائی کے عملے کے منتظرہیں محکمہ بلدیات ، میٹروپولیٹن کارپوریشن کی موجودگی کے باوجود اس صورت حال پر شہریوں نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے نام پر سالانہ اربوں روپے کے فنڈز مختص ہونے کے باوجود صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کا مسئلہ حل ہونے کی بجائے آئے روز گھمبیر ہوتا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت کے باوجود بارش کے بعد تا حال صفائی کی صورتحال کو بہتر نہیں بنایا جاسکا اور مختلف علاقوں اور سڑکوں پر نالے کا پانی پر بہہ رہا ہے۔

بارش کے بعد سڑکوں پر پڑا گند خشک ہونے کے بعد دھول مٹی کی صورت میں سانس، گلے سمیت مختلف بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت کے وجود میں آنے کے باوجود تبدیلی آئی ہے اور نہ ہی کوئی بہتری،ایسا لگتا ہے کہ شہریوں کو اس صورتحال کو مزید برداشت کرناپڑے گا کیونکہ وزیر اعلیٰ کے منصب سنبھالنے کے باوجود تا حال صوبائی کابینہ اور وزارتوں کی تقسیم ممکن نہیں بنائی جاسکی۔