حکومت کی یقین دہانی:آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال عارضی موخر

وزارت پٹرولیم کی جانب سے 10دن کے اندرایسوسی ایشن کے وفد کی سیکرٹری پٹرولیم کے ساتھ ملاقات اور مطالبات کے حل کی یقین دہانی

منگل 16 اپریل 2024 22:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2024ء) آل پاکستان آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن نے حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے مثبت یقین دہانی کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی ہڑتال عارضی طور پر موخر کر دی ہے وزارت پٹرولیم کی جانب سے 10دن کے اندرایسوسی ایشن کے وفد کی سیکریٹری پٹرولیم کے ساتھ ملاقات اور مطالبات کے حل کی یقین دہانی پر ہڑتال ختم کی گئی اس ضمن میں ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری جمشید خان نے رابطہ کرنے پر ’’آن لائن‘‘کو بتایا کہ پاکستان سٹیٹ آئل(پی ایس او) کی جانب سے ٹینکروں کی بھرائی کے لئے متعارف کروائے گئے نئے ’’آٹومیشن سسٹم‘‘ کے خلاف مکمل ہڑتال کی کال دی گئی تھی جس پر جڑواں شہروں کے پٹرول پمپوں پر منگل کی صبح پٹرول کی فراہمی روک دی گئی تھی تاہم چیف کمشنر اور ڈپتی کمشنر اسلام آباد کے علاوہ پولیس حکام اور بالخصوص مقامی مجسٹریٹ قیصر کیانی کی مداخلت اور کامیاب گفت وشنید کے بعد ہڑتال عارضی طور پر موخر کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کو نئے آٹومیشن سسٹم پر شدید تحفظات تھے لیکن مذکورہ حکام نے تمام صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یہ یقین دہانی کروائی ہے کہ چونکہ اس معاملے کا حل صرف پی ایس او تک نہیں بلکہ براہ راست وزارت پٹرولیم کی نگرانی مین ہے لہٰذا جلد ایسوسی ایشن کے وفد کی سیکریٹری پٹرولیم سے ملاقات کروائی جائے گی جمشید خان نے بتایا کہ نئے آٹو میشن سسٹم کے تحت ٹینکر مالکان یا ڈرائیوروں کو بھرائی کے دوران چیکنگ کی اجازت ختم کر دی گئی تھی اور جب بھرائی کے بعد کوئی ٹینکر پٹرول پمپ پر سپلائی دینے جاتا تو معلوم ہوتا کہ ٹینکر میں پٹرول یا ڈیزل کی مقدار کم ہے جس کی کوئی ذمہ داری لینے کے لئے تیار نہیں تھا اس طرح ناپ تول میں کمی کا براہ راست نقصان ٹینکر مالکان یا ڈیلروں کو ہوتا تھاجس کے لئے ہمارا مطالبہ تھا کہ میٹرائزڈ سسٹم کے تحت بھرائی کا طریقہ بحال رکھا جائے جبکہ انتظامیہ جڑواں شہروں میں یہ سسٹم رائج کرنے کے بعد بتدریج اس کا دائرہ کار ملک میں پھیلانا چاہتی تھی تاہم انتظامیہ کی یقین دہانی پر عارضی طور پر ہڑتال ختم کر دی گئی ہے۔