پی پی 133 ننکانہ صاحب سے لیگی امیدوار رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل

منگل 16 اپریل 2024 23:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے پی پی 133 ننکانہ صاحب سے کامیاب ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جسٹس شاہد کریم نے صوبائی حلقہ پی پی 133 ننکانہ صاحب سے رانا ارشد کی کامیابی کے خلاف پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار محمد عاطف کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزار نے فارم 45 کے مطابق 3 ہزار 500 سے زائد ووٹوں سے کامیابی حاصل کی، الیکشن کمیشن نے قانون کے برعکس دوبارہ گنتی کا حکم دیا، دوبارہ گنتی میں رانا ارشد کو اڑھائی ہزار سے زائد ووٹوں سے کامیاب قرار دیا گیا۔درخواست کے مطابق درخواست گزار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہوچکا تھا، الیکشن کمیشن نے رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن خلاف قانون جاری کیا۔

استدعا ہے کہ عدالت رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے اور درخواست گزار کی بطور ایم پی اے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔عدالت نے پی پی 133 ننکانہ صاحب سے ن لیگی امیدوار رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔