بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف سرگرمیاں جاری

پی ڈی ایم اے کی جانب سے سوات، مہمند، پشاور، لوئر چترال، لوئر کوہستان اور دیگر متاثرہ اضلاع کے لیے امدادی سامان روانہ حکومت آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی ،متاثرین کی بحالی اور امداد کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، علی امین

منگل 16 اپریل 2024 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی خصوصی ہدایات پر بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے سوات، مہمند، پشاور، لوئر چترال، لوئر کوہستان اور دیگر متاثرہ اضلاع کے لیے امدادی سامان روانہ کر دیا گیا ہے۔امدادی سامان میں خیمے، کمبل، کچن سیٹس، ہائی جین کٹس، مچھردانیاں، میٹریسز اور فوری ضرورت کی دیگر اشیاء شامل ہیں۔

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ کی طرف سے متاثرین کے لئے اعلان کردہ مالی امداد کے چیکس بھی تقسیم کئے جارہے ہیں اور اب تک متاثرین میں مجموعی طور پر تین کروڑ روپے کی امدادی رقم تقسیم کی گئی ہے۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پی ڈی ایم اے اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں اور متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ متاثرین کو بروقت امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے بارشوں سے مختلف حادثات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان حادثات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، صوبائی حکومت آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اورمتاثرین کی بحالی اور امداد کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ علی امین گنڈاپور نے تمام متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ اضلاع میں بند رابطہ سڑکوں کو کھولنے اور دیگر انفراسٹرکچر کی بحالی کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔