Live Updates

نوازشریف روٹی کی قیمت معلوم کرنے جاتی عمرہ فارمزکے باہر اڈا پلاٹ چوک پہنچ گئے

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ریٹ لسٹ کا معائنہ کیا‘روٹی کی قیمت کا خود جائزہ لیتا رہونگا. سابق وزیراعظم نوازشریف کی گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 16 اپریل 2024 22:07

نوازشریف روٹی کی قیمت معلوم کرنے جاتی عمرہ فارمزکے باہر اڈا پلاٹ چوک ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 اپریل۔2024 ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف روٹی کی قیمت معلوم کرنے کے لیے اپنی رہائش گاہ جاتی عمرہ فارمزکے باہر اڈا پلاٹ چوک پہنچ گئے نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف نے اپنی صاحبزادی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ہمراہ روٹی کی قیمتیں معلوم کیں. پرنواز شریف نے رائے ونڈ روڈ پر اڈہ پلاٹ پر نان بائیوں سے ملاقات کی اور ان سے روٹی کی قیمت معلوم کی رائے ونڈ روڈ پراڈا پلاٹ سے ان کی رہائش گاہ”جاتی عمرہ“کی جانب مڑکرجانے کا راستہ ہے اس موقع پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ریٹ لسٹ کا بھی معائنہ کیا.

(جاری ہے)

نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ روٹی کی قیمت کا خود جائزہ لیتے رہیں گے واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ملک میں تیزی سے بڑھتی مہنگائی میں عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے حکومت پنجاب نے روٹی کی قیمت میں 4 روپے کمی کا اعلان کر کے قیمت 16 روپے مقرر کردی تھی تاہم نان بائیوں کا کہنا ہے کہ وہ ایل پی جی اورآٹے قیمتوں دوکانوں کے کرایوں اور دیگر اخراجات کی وجہ سے پنجاب حکومت کی مقررکردہ قیمت پر روٹی فراہم نہیں کرسکتے.

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ الحمدللہ حکومت پنجاب نے آج سے روٹی کی قیمت کم کرکے 16 روپے مقررکردی ہے تاہم صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں روٹی ابھی تک پرانے ریٹس پر ہی فروخت ہورہی ہے اور صوبائی حکومت اپنے فیصلے پر عمل درآمد کروانے میں مکمل طور پر ناکام نظرآتی ہے نان بائیوں کی تنظیم اعلان کرچکی ہے کہ حکومت کی جانب سے زبردستی یا طاقت کے استعمال کی صورت میں وہ ہڑتال پر چلے جائیں گے جبکہ مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں نے پنجاب کے تمام اضلاع اورمتعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کردی ہے کہ اس فیصلے پرسختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں.
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات