تعلیم وتحقیق کے معیار کو بڑھانے کے لیے فیکلٹی کا کرداراہمیت کا حامل ہے،ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ

منگل 16 اپریل 2024 22:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی میں نتیجہ خیز تعلیم کے عنوان پر مبنی چار روزہ ورکشاپ کا آغاز ہوگیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق چار روزہ ورکشاپ میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے مین کیمپس و تینوں سب کیمپسزکے شعبہ جاتی سربراہان نے شرکت کی۔چار روزہ ورکشاپ میں نتائج پہ مبنی تعلیم سے آشنائی سمیت اساتذہ کی قابلیت واعتماد کو بڑھاتے ہوئے ان کی تدریسی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے کے لیے تدریس کے جدید مہارتوں سمیت مختلف پہلوؤں سے متعلق تربیت فراہم کی جائے گی۔

افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے فیکلٹی کی تربیت پر زور دیتے ہوئے تعلیم وتحقیق کے معیار کو بڑھانے کے لیے فیکلٹی کے کردار اور اہمیت کو اُجاگر کیااور اس ضمن میں نتائج پہ مبنی تعلیم کے فروغ کی تاکید کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے تجربات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ 2007سے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے زیر اہتمام نتائج پہ مبنی تعلیم کا سلسلہ شروع کیاگیاہے،جس میں بطور پر ممبر کام کیاہے۔

وائس چانسلر نے کہاکہ جامعہ قراقرم کو بھی بتدریج نتائج پہ مبنی نظام تعلیم کی طرف لارہے ہیں۔جس میں بنیادی طور پر طلبا ء کی صلاحیتوں کو بڑھاتے ہوئے مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق تعلیم فراہم کیاجائے گا۔چنانچہ جدید تعلیم طلباء کی شخصیت کو ہنر اور روئیوں کے ذریعے ایک کامیاب انسان بنانا اور مارکیٹ کو درکار صلاحیتوں کو ودیت کرنا مقصد ہے اور اس میں طلباء کی لرننگ ضروری ہے۔

لہذا ضروری ہے کہ تمام شعبہ جات کے کورسز کو نتائج پہ مبنی تعلیم کی طرف لائیں۔انہوں نے توقع ظاہر کیاکہ اس ٹریننگ سے تمام شعبہ جات کے سربراہان اپنے اپنے شعبہ جات کے سطح پر فیکلٹی کو تربیت فراہم کریں گے۔کم از کم ا س سمسٹر میں ایک کورس کو نتائج پر مبنی تعلیم کے سطح پر متعارف کرائیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ جامعہ قراقرم نے فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں پہلے ہی نتائج پہ مبنی تعلیم کو اپنایا ہے۔

چنانچہ باقی پروگراما ت کو بھی اس طرف لاناہے تاکہ معیار تعلیم میں اضافہ ہوسکے اور مارکیٹ کی ضروریات پوری ہوسکیں۔وائس چانسلر نے ڈائریکٹر ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سنٹراور آغاخان یونیورسٹی کی کاوشیوں کو سراہا کہ جو نتائج پہ مبنی تعلیم کے حوالے سے بھرپور کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کوشش ہے کہ فیکلٹی کے استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے ملکی وبین الاقوامی سطح پر ٹریننگ کے مواقع فراہم کریں۔

اس ضمن میں گزشتہ چار سالوں میں امریکہ،جرمنی،سنٹرل ایشیاء کے ممالک میں فیکلٹی کو دو سو سے زائد ٹریننگ کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔امید ہے کہ ان ٹریننگ کے ذریعے اساتذہ کے استعداد کار میں مزید اضافہ ہوگا۔اس سے قبل آغاخان یونیورسٹی کی ماسٹر ٹریننر ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر تشمین نے ورکشاپ کی افادیت و اہمیت کے حوالے سے تفصیلی روشنی ڈالی اور وائس چانسلر کے آئی یو کی جانب سے فیکلٹی کی استعداد کار اور تعلیم وتحقیق کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کی تعریف کی۔چار روزہ ورکشاپ کا انعقادجامعہ قراقرم کے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سنٹر نے آغاخان یونیورسٹی کے تعاون سے کیاہے۔