دبئی ایئرپورٹ پر آپریشنل خلل کے باعث نئی ایڈوائزری جاری

موسم کی خرابی کے باعث پروازوں میں تاخیر اور انہیں دیگر ہوائی اڈوں کی جانب موڑنے کا سلسلہ جاری ہے، براہِ کرم اپنی ایئر لائن سے براہ راست اپنی پرواز کی صورتحال چیک کریں۔ انتظامیہ کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 اپریل 2024 11:24

دبئی ایئرپورٹ پر آپریشنل خلل کے باعث نئی ایڈوائزری جاری
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل 2024ء ) متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کی وجہ سے دبئی ایئرپورٹ پر آپریشنل خلل کے باعث مسافروں کے لیے نئی ایڈوائزری جاری کردی گئی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) کو متحدہ عرب امارات کے غیر معمولی موسمی حالات کی وجہ سے کئی آپریشنل چیلنجز کا سامنا ہے، انتظامیہ نے مسافروں سے کہا ہے کہ اس وقت تک ایئرپورٹ پر نہ آئیں جب تک کہ انتہائی ضروری نہ ہو کیوں کہ موسم کی خرابی کے باعث پروازوں میں تاخیر اور انہیں دیگر ہوائی اڈوں کی جانب موڑنے کا سلسلہ جاری ہے، اس لیے براہِ کرم اپنی ایئر لائن سے براہ راست اپنی پرواز کی صورتحال چیک کریں۔

ایک بیان میں DXB انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم اس وقت موسم کی وجہ سے آپریشن میں نمایاں رکاوٹ کا سامنا کر رہے ہیں، اپنی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں اور سروس پارٹنرز کے ساتھ مسلسل کام کر رہے ہیں تاکہ معمول کے فلائٹ آپریشن کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے، سیلاب اور سڑکوں کی رکاوٹوں نے ٹرانسپورٹ کے محدود اختیارات چھوڑے ہیں، مہمانوں کی آمد اور روانگی کی پروازوں میں تاخیر ہورہی ہے اور کئی پروازوں کا رخ بھی موڑ دیا گیا، آپریشن کی معمول پر بحالی میں کچھ وقت لگے گا، ایئرپورٹ اتھارٹی ہنگامی رسپانس ٹیموں اور سروس پارٹنرز کے ساتھ چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہے تاکہ چیزوں کو جلد از جلد ٹریک پر لایا جا سکے، اس صورتحال میں لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ براہ راست اپنی ایئرلائن سے اپنی فلائٹ اسٹیٹس کی تصدیق کریں اور ہوائی اڈے پر آنے کے لیے اضافی وقت دیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ایمریٹس ایئرلائن کی دبئی ایئرہورٹ آمد اور روانگی کی متعدد پروازوں میں تاخیر یا خلل پڑا ہے، دبئی روانہ ہونے والے مسافروں کے لیے چیک ان معطل کر دیا گیا، تاہم مسافروں کو روانگی اور آمد میں تاخیر کی توقع کرنی چاہیئے، جب کہ فلائی دبئی کے ترجمان نے کہا ہے کہ شدید موسمی حالات کی وجہ سے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (DXB) میں ایئرلائن کے آپریشنز کو نمایاں خلل کا سامنا ہے، نتیجتاً فلائی دبئی کی بہت سی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں یا ان میں کافی تاخیر ہوئی ہے۔