عازمین حج کی تربیت کا دوسرا مرحلہ (کل)سے شروع ہو گا‘ ڈائریکٹر حج

حج تربیتی سیشن 18 سے 21 اپریل تک جاری رہیں گے‘رضوان شریف

بدھ 17 اپریل 2024 12:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) ڈائریکٹر حج لاہور رضوان شریف نے کہا ہے کہ گورنمنٹ اسکیم کے تحت ضلع لاہور سے تعلق رکھنے والے تقریباً 8 ہزار سے زیادہ عازمین اس سال فریضہ حج ادا کریں گے،وزارت مذہبی امور کی طرف سے لاہور میں عازمین حج کی تربیت کا دوسرا مرحلہ آج ( جمعرات) سے شروع ہو رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حج تربیتی سیشن 18 سے 21 اپریل تک جاری رہیں گے۔

(جاری ہے)

حج تربیتی پروگرام فیصل آڈیٹوریم پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس میں منعقد ہوں گے،صبح اور شام کے اوقات میں روزانہ دو حج الگ ،الگ تربیتی سیشن منعقد ہوں گے،ہر سیشن میں ایک ہزار عازمین کو مناسک حج کی تربیت دینے کے لیے بلایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو تربیتی پروگراموں میں شرکت کی اطلاع دے دی گئی ہے ،عازمین حج صرف اپنے مقررہ دن اور وقت پر تربیتی پروگرام میں شرکت کے لیے آئیں،حج تربیتی پروگراموں میں شرکت کرنا لازمی ہے۔تربیتی پروگراموں میں عازمین کو مناسک حج اور انتظامی امور کے بارے میں تربیت دی جائے گی۔