عالمی بینک کی پاکستان کو معاشی استحکام ‘ اصلاحات اور ڈیجٹلائزیشن پروگرام میں تعاون کی یقین دہانی

وفاقی وزیرخزانہ کا عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بانگا سے ملاقات میں 10 سال کے لیے”رولنگ کنٹری فریم ورک پلان“ کی ضرورت پر اتفاق

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 17 اپریل 2024 13:49

عالمی بینک کی پاکستان کو معاشی استحکام ‘ اصلاحات اور ڈیجٹلائزیشن پروگرام ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17 اپریل۔2024 ) عالمی بینک گروپ کے صدر نے پاکستانی وزیر خزانہ کو معاشی استحکام اور محصولات بڑھانے کے لیے اصلاحات اور ڈیجٹلائزیشن پروگرام میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے واشنگٹن میں عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بانگا اور پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی ملاقات ہوئی جس میں 10 سال کے لیے”رولنگ کنٹری فریم ورک پلان“ کی ضرورت پر اتفاق کیاگیا.

(جاری ہے)

پاکستانی وزیر خزانہ نے 9 ماہ کے دوران عالمی مالیاتی فنڈ (آیی ایم ایف) کے تحت سٹینڈ بائے ارینجمنٹ (ایس بی اے) پروگرام کے تحت پاکستان کی ترقی اور ٹیکسیشن، توانائی اور نجکاری کے ترجیحی شعبوں میں جاری اصلاحات پر روشنی ڈالی اور عالمی بینک گروپ کے صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی. وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں جہاں وہ آئی ایم ایف سمیت دیگر مالیاتی اداروں کے رہنماو¿ں اور دیگر ممالک کے وزرائے خزانہ سے ملاقاتیں کر رہے ہیں.

پاکستانی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ترقیاتی فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی) کے سربراہ سکاٹ ناتھن سے بھی ملاقات کی جس میںحل طلب مسائل کے خوش اسلوبی سے حل کے بعد پاکستان میں ڈی ایف سی کی سرمایہ کاری میں توسیع کے طریقے تلاش کیے. وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستانی حکومت نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے جدید فنانسنگ ماڈلز کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ملک میں کسی بھی مقامی یاغیر ملکی سرمایہ کار کی جانب سے سرمایہ کاری کے اقدامات کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے.

پاکستانی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) صدر مساٹسوگو اساکاوا سے بات چیت میں بینک کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے، رعایتی فنانسنگ کے تعاون کی حفاظت اور مستقبل کے منصوبوں کے تسلسل پر توجہ مرکوز کی گئی وزیر خزانہ نے اپنے سعودی ہم منصب محمد بن عبداللہ الجدعان سے ملاقات بھی کی جس میں سعودی وزیر خزانہ نے سرمایہ کاری سمیت پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے سعودی عرب کی مکمل حمایت کا یقین دلایا دونوں وزرائے خزانہ نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے اور شراکت داری کو بڑھانے پر اتفاق کیا.