کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کا غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف گرینڈ آپریشن کا عندیہ

بدھ 17 اپریل 2024 18:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز کے خلاف گرینڈ آپریشن کا عندیہ دیتے ہوئے آر ڈی اے کو ہدایت کی کہ بار بار یہ آپریشن کرنے کے بجائے اسے ایک بار ہی اس انداز سے سرانجام دیا جائے کہ اسکے بہترین اور دیرپا نتائج ہوں۔ انہوں نے ہدیت کی کہ وہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں اپنی لسٹ ری ویرفائی کر لیں۔

کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ آرڈی اے اپنی حتمی لسٹ میں تمام تر تفصیلات درج کریں اور دیگر متعلقہ محکموں سے ویریفائی کرنے کے بعد حتمی لسٹ مرتب کرے تاکہ آپریشن کے دوران کسی کے ساتھ نا انصافی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ حتمی لسٹ کو ہر طرح سے مکمل اور شفاف بنایا جائے تاکہ ایک بار اس پر آپریشن شروع کرنے کے بعد کسی سیٹ بیک کی گنجائش نہ رہے۔

(جاری ہے)

کمشنر نے مزید کہا کہ غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز کی ریونیو ریکارڈ میں ریڈ انٹری اور سوسائٹی کے مالکان کی تمام تفصیل درج ہوں۔

انہوں نے باور کرایا کہ کسی بھی ہائوسنگ سوسائٹی کے غیر قانونی ہونے کی صورت میں ایکشن سوسائٹی کے مالکان کے خلاف لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو میڈیا، سوشل میڈیا ، یوٹیوبرز اور بل بورڈز کے ذریعے آگاہی دی جائے کہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ آر ڈی ایاور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے وہ افسران جو غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کی سرگرمیوں کا حصہ تھے، ان کو معطل کر کے پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا اغاز کر دیا گیا ہے۔

غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں میں پلاٹ خریدنے اور بیچنے پر مکمل پابندی ہے۔ آر ڈی اے کی ویب سائٹ پر روزانہ کی بنیاد پر غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں اور منظور شدہ ہائوسنگ سکیموں کے بارے میں تفصیلات درج کی جاتی ہیں۔اس موقع پر آر ڈی اے کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ غیر منظور شدہ اور غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف جاری ہے جسے اب کمشنر راولپنڈی کی زیر نگرانی بھرپور جوش و جذبے سے شروع کیا جائے گا۔

اس وقت راولپنڈی میں 70 نجی ہائوسنگ سکیمیں آر ڈی اے سے منظور شدہ ہیں جبکہ 72 انڈر پراسس ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے مالکان کی جانب سے قتل ، قبضہ، فائرنگ سمیت غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے جرم میں 383 کو لیگل نوٹسز، 218 چالان، 212 ایف آئی آرز، 184 دفاتر کو سیل کیا گیا جبکہ 129 درخواستیں ایف آئی اے سائبر کرائم کو ایف آئی آر رجسٹر کرنے کے لئے جمع کروائی گی۔کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اس اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سیّد نذارت علی، ڈی جی آر ڈی اے کنزی مرتضی سمیت انتظامیہ، پولیس اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔