ں*پا کستان کے تیسرے بڑے صنعتی شہر فیصل آباد میں امن وامان کی صورتحال خراب ہو گئی

ہر گھنٹے کے دوران چوری اور ڈکیتی کی نصف درجن وارداتیں‘ اتھرے ڈاکو سرعام دن دیہاڑے شہریوں پر گولیاں برسانے لگے

بدھ 17 اپریل 2024 18:10

a فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) پا کستان کے تیسرے بڑے صنعتی شہر فیصل آباد میں امن وامان کی صورتحال خراب ہو گئی، ہر گھنٹے کے دوران چوری اور ڈکیتی کی نصف درجن وارداتیں‘ اتھرے ڈاکو سرعام دن دیہاڑے شہریوں پر گولیاں برسانے لگے جبکہ پولیس اہلکار سوشل میڈیا پر ٹک ٹاک بنانے میں مصروف، بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہری عدم تحفظ کا شکار نظر آنے لگے۔

آن لا ئن کے مطابق پنجاب کا دوسرا بڑا صنعتی شہر ڈاکوئوں اور چوروں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ شہر کی شاہراہوں‘ چوراہوں‘ گلی کوچوں میں وارداتیں ہو رہی ہیں۔ مسلح ڈاکوئوں کے گروہ دن دیہاڑے سرعام سڑکوں پر گھومتے نظر آتے ہیں اور وہ موقع ملتے ہی سرراہ شہریوں کو لوٹ کر فرار ہو جاتے ہیں۔ جبکہ گلی محلوں میں راہ چلتی خواتین سے پرس اور موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ پبلک مقامات‘ ہسپتالوں‘ پارکوں اور بازاروں میں بھی چوروں کے گروہ سرگرم ہیں اور وہ اسی تاک میں رہتے ہیں کہ کون اپنی موٹرسائیکل یا گاڑی کھڑی کر کے جائے تو وہ مذکورہ گاڑی‘ موٹرسائیکل لے کر رفوچکر ہو جائیں۔ فیصل آباد پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگی اور فیصل آباد شہر میں ہر گھنٹہ کے دوران کم وبیش ڈکیتی‘ راہزنی اور چوری کی چھ سے زائد وارداتیں رپورٹ ہو رہی ہیں جبکہ سرراہ نقدی اور موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں اکثر شہری مقدمہ درج کروانے کی بجائے خاموشی اختیار کر لیتے ہیں اور روزانہ ایک سو سے زائد وارداتیں رپورٹ ہو رہی ہیں۔

ڈاکوئوں کے گروہ اس قدر نڈر ہو چکے ہیں کہ وہ دن دیہاڑے سرراہ لوٹ مار کے دوران شہریوں کو گولیاں مارنے سے بھی دریغ نہیں کرتے ہیں اور گولیاں لگنے سے کئی جانیں ضائع اور سینکڑوں شہری زخمی ہو کر ہسپتالوں کا رُخ کر رہے ہیں۔ کوئی پوچھنے والا نہیں جبکہ مقامی پولیس شہر میں گشت کرنے کی بجائے ٹک ٹاک بنانے اور سیلفی لینے میں مصروف نظر آتی ہے۔ شہری حلقوں نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور‘ آر پی او فیصل آباد ڈاکٹر عابد خان‘ سی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ خدارا پولیس کے گشت کو موثر بنایا جائے اور شہر میں امن وامان قائم کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔