wپنجاب کے سرکاری سکولوں میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد

بدھ 17 اپریل 2024 18:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائدکر دی گئی،سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام ایجوکیشن اتھارٹیزکو مراسلہ جاری کردیا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فضائی آلودگی کم کرنے کیلئے سکولوں میں پودے لگائے جائیں۔ سرکاری تعلیمی اداروں میں طلبا اب پلاسٹک بیگز میں سامان نہیں لاسکیں گے جب کہ کینٹین،کیفے ٹیریا میں بھی شاپنگ بیگز اور پلاسٹک کے تھیلے پر پابندی ہوگی۔

مراسلے میں مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ پودے سکول کی چار دیواری کے ساتھ لگائے جائیں۔پلے گراونڈز کی خوبصورتی کو خراب کئے بغیر میواکی فارسٹ بھی بنایا جائے۔کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کیلئے مختلف رنگوں کے کوڑا دان نصب کئے جائیں۔

(جاری ہے)

ایجوکیشن اتھارٹیز احکامات پر سو فیصد عملدرآمد کروانے کی پابند ہونگی۔سکولوں کی عمارتوں کے باہر شاپنگ بیگز اور پلاسٹک کے تھیلوں کا استعمال ترک کرنے کے بینرز آویزاں کرنے کی ہدایت کی گئی۔

پنجاب حکومت نے بھی 6جون سے فیصل آباد سمیت صوبے بھر میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہوا ہے۔یاد رہے کہ پنجاب حکومت نے بھی گزشتہ ماہ صوبے میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی لگانے کا فیصلہ کیاتھا۔اس حوالے سے پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 6جون سے پنجاب میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔