ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 50 ہزار روپے کی سطح سے اوپر چلی گئی

ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 200 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت میں 1887 روپے کا اضافہ ہو گیا

muhammad ali محمد علی بدھ 17 اپریل 2024 18:34

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 50 ہزار روپے کی سطح سے اوپر ..
لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل 2024ء ) ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 50 ہزار روپے کی سطح سے اوپر چلی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز پاکستان میں سونا مہنگا ہونے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ بدھ کے روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 200 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت میں 1887 روپے کا اضافہ ہو گیا۔

اس اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سونے کی فی تولہ قیمت ڈھائی لاکھ روپے سے زائد ہو گئی۔ قامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 51 ہزار 900 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 15 ہزار 964 روپے کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی۔ جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2ہزار 391 ڈالر پر مستحکم رہی۔

(جاری ہے)

جہاں ملک میں مسلسل دوسری دن سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا، وہیں مسلسل دوسرے دن ڈالر بھی مہنگا ہو گیا۔

انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 11 پیسے مہنگا ہوا ہے جس کے بعد کاروبار کےاختتام پر ڈالر کی قیمت 278 روپے 40 پیسے ہے۔ انٹربینک میں گزشتہ روز ڈالر17 پیسے اضافے کے بعد 278 روپے 29 پیسے پر بند ہوا تھا۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 11 پیسے کم ہوکر 279 روپے 57 پیسےپر آ گیا۔

بدھ کے روز سونا اور ڈالر مہنگا ہونے کے ساتھ ساتھ اسٹاک مارکیٹ بھی مندی کا شکار ہو گئی۔ اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 150 پوائنٹس کم ہوکر 70333 پر بند ہوا، کاروباری دن میں انڈیکس 688 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔ بازار میں آج 44 کروڑ شیئرز کے سودے 16 ارب روپے میں طے ہوئے۔ اس کےعلاوہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 17 ارب روپے کم ہوکر 9795 ارب روپے ہے۔