Live Updates

نواز شریف کے خلاف توشہ خانہ کیس اوپن اینڈ شٹ کیس ہے

نیب اور چیئرمین نیب پورے لندن پلان کا حصہ ہیں،9 مئی کی شروعات بھی نیب نے کی جس میں عمران خان کو گرفتار کیا گیا، سابق ڈی جی نیب کا الزام

بدھ 17 اپریل 2024 18:42

نواز شریف کے خلاف توشہ خانہ کیس اوپن اینڈ شٹ کیس ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) سابق ڈی جی نیب اور مشیر برائے احتساب و داخلہ بریگیڈیئر محمد مصدق عباسی نے نیب کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں نواز شریف کو کلین چٹ دیئے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں نیب کی جانب سے مضحکہ خیز موقف اختیار کیا گیا۔ اپنے بیان میں بریگیڈیئر مصدق عباسی نے کہاکہ نیب کا کہنا ہے کہ اگر عدالت چاہے تو کیس بند کرسکتی ہے، پراسکیوشن خود لندن پلان کا حصہ ہے۔

بریگیڈیئر مصدق عباسی نے کہاکہ نیب اور چیئرمین نیب پورے لندن پلان کا حصہ ہیں، پہلے ان کو اور انکے بچوں کو باہر سے بلایا جاتا ہے پھر 1100 ارب روپے کے کیسز میں کلین چٹ دے دی جاتی ہے۔بریگیڈیئر مصدق عباسی نے کہاکہ 9 مئی کی شروعات بھی نیب نے کی جس میں عمران خان کو گرفتار کیا گیااور سپریم کورٹ نے اسیغیر قانونی قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے خلاف توشہ خانہ کیس اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، کابینہ ڈویژن قانون، سکیشن نمبر 11، نئے، پرانے دونوں قوانین کے مطابق توشہ خانہ سے گاڑیاں اور نوادرات نہیں لی جاسکتی۔

بریگیڈیئر مصدق عباسی نے بتایا کہ عمران خان نے 2018 میں جو قانون پاس کیا اسکے مطابق توشہ خانہ سے تحائف خریدنے کی قیمت 50 فیصد کی تاکہ سرکاری خزانے میں پیسہ زیادہ آسکے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے خلاف توشہ خانہ کیس میں 25 میں 15 گواہان پیش ہو چکے 10 نے مزید پیش ہونا تھا اور تینوں مجرموں کو سزا ملنی تھی۔ بریگیڈیئر مصدق عباسی نے کہاکہ واضح ہوچکا نیب چوروں کے ساتھ کھڑا ہے، نیب کی ذمہ داری کیس بند کرنا نہیں بلکہ تمام غیر قانونی طریقے سے لئے گئے تحائف اور گاڑیوں کو ریکور کرنا تھی۔ بریگیڈیئر مصدق عباسی نے کہاکہ تمام مجرموں کو جوابدہ ہونا پڑے گا جنہوں نے توشہ خانہ قانون کا ناجائز فائدہ اٹھا کر ملک کو نقصان پہنچایا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات