Live Updates

سڑکوں و ہسپتالوں کی تعمیر و بحالی پراجیکٹس میں شفافیت کو مدنظر رکھا جائے،روڈز کی تعمیر و بحالی کے کام کاخود جا کر جائزہ لوں گی، مریم نواز

بدھ 17 اپریل 2024 20:22

سڑکوں و ہسپتالوں کی تعمیر و بحالی پراجیکٹس میں شفافیت کو مدنظر رکھا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مراکز صحت کی اپ گریڈیشن ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا ہے کہ سڑکوں اور ہسپتالوں کی تعمیر و بحالی پراجیکٹس میں شفافیت کو مدنظر رکھا جائے،روڈز کی تعمیر و بحالی کے پراجیکٹس کا خود جا کر جائزہ لوں گی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے روڈز کے اطراف شجر کاری کا حکم دیا اور گوجرانولہ لاہور ایکسپریس وے کے اطراف میں ایک لاکھ درخت لگانے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایس ایل تھری کی جلد از جلد تکمیل کا حکم بھی دیا۔وزیر اعلیٰ مریم نوازکی زیر صدارت بنیادی صحت یونٹس،دیہی صحت مراکز اور سڑکوں کی بحالی کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا،جس میں ایس ایل فور کی جلد از جلد تعمیر کے لئے وفاقی حکومت سے رابطے تیز کرنے پر اتفاقِ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر کی 590 سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام شروع ہوچکا ہے اور چار سڑکیں مکمل جبکہ پانچ روڈز زیر تکمیل ہیں،مراکز صحت کی تعمیر ومرمت بھی شروع کر دی گئیں ہیں جن میں پھول نگر،مانگا،شامکے بھٹیاں اور فیروز والا کے مراکز صحت کی تعمیر و بحالی مکمل کر لی گئی ہے۔

اجلاس میں دیپالپور تا لیہ میگا روڈ اور دیگر روڈز کی تعمیر کے لئے سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا۔روڈز سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ سڑک بحال پنجاب خوشحال کے تحت چار رابطہ روڈز کی تعمیر و مرمت مکمل کر لی گئی ہے جبکہ پانچ اہم رابطہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی شروع ہو چکی ہے۔مریدکے تا ناروال،پینسرہ تا شورکوٹ،جھانگرہ تا احمد پور شرقیہ،چونڈہ تا سبز پیر اور ظفر وال روڈ کی تعمیرکا کام تیزی سے جاری ہے۔

ملتان وہاڑی ایکسپریس وے کی تعمیر کے لئے مئی میں انویسٹرکانفرنس ہوگی۔بہاولپور تا جھانگڑہ شرقی پنجاب کی خوبصورت ترین ایکسپریس وے بنے گی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،سینیٹر پرویز رشید،صوبائی وزیر کمیونیکشن اینڈ ورکس صہیب احمد ملک،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے اجلاس میں شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات