سندھ پبلک سروس کمیشن نے مشترکہ مقابلہ جاتی امتحان 2020 ء کا زبانی امتحان ریجنل آفس کراچی میں شروع

بدھ 17 اپریل 2024 21:30

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) سندھ پبلک سروس کمیشن نے مشترکہ مقابلہ جاتی امتحان 2020 ء کا زبانی امتحان 17 اپریل 2024 سے ریجنل آفس کراچی میں شروع کردیا، پہلے مرحلے میں 15 امیدواروں سے زبانی امتحان لیا گیا۔سی سی ای کا زبانی امتحان 07 مئی 2024 تک جاری رہے گا۔ تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والے 182 امیدواروں کا زبانی ٹیسٹ کے بعد ان کی اہلیت کے مطابق نتائج جاری کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ 26 مارچ کو سندھ پبلک سروس کمیشن نے سی سی ای 2020 ء کے تحریری امتحان میں کامیاب 182 امیدواروں کی فہرست جاری کی تھی۔ مذکورہ جانچ عدالتی حکم کی تعمیل میں کی گئی ہے۔مذکورہ امتحان کا اشتہار 30 جولائی 2019 کو جاری کیا گیا تھا جس میں 15ہزار سے زائد امیدواروں نے اپنی درخواستیں جمع کرائی تھیں۔

(جاری ہے)

پہلے مرحلے میں نومبر 2020 ء میں سی سی اے کا تحریری امتحان ہوا جس میں 1380 امیدواروں نے حصہ لیا۔

امتحانی عمل مکمل ہونے کے بعد معائنہ کا عمل شروع ہوا، اس دوران سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد نے کمیشن کی تمام سرگرمیاں معطل کردیں جس کے باعث کئی شیڈول تحریری اور زبانی امتحانات ملتوی کردیئے گئے تھے۔ایس پی ایس سی کے چیئرپرسن محمد وسیم نے عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے دوبارہ امتحان کا انعقاد کیا، امتحان کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے تحریری نتائج کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اس امتحان کا دوسرا مرحلہ زبانی امتحانات آج شروع ہو گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :