کمشنر لاہور کی زیر صدارت پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی میچز کی سکیورٹی و انتظامات کے حوالے سے اجلاس

بدھ 17 اپریل 2024 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت پاک نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ میچز کے دوران سکیورٹی و میونسپل انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ ترجمان کے مطابق پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ دو ٹی ٹونٹی میچز کا انعقاد 25 اور 27اپریل کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔اس موقع پر پی سی بی افسران نے کمشنر لاہور کو پاک نیوزی لینڈ کرکٹ میچز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

کمشنر نے کہا کہ پاک نیوزی لینڈ ٹیموں کا سٹیٹس وی وی آئی پی ہو گا اور اس کے مطابق ہی ٹریفک پولیس کی جانب سے بہترین ٹریفک پلان ترتیب اور مشتہر کیا جائیگا۔ محمد علی رندھاوا نے کہا کہ120 واک تھرو گیٹس اور336 ایکسٹرا سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

پی سی بی کنٹرول روم کے علاوہ خصوصی کنٹرول رومز بھی بنیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی کے حوالے سے ہر جگہ پر لائٹنگ کی جائے گی اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

کمشنر لاہور نے کہا کہ میچز کے دوران صفائی کا اعلی معیار قائم رکھنے کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کے 355 ورکرز واہلکار صفائی کی ذمہ داری پر تفویض ہونگے ۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ سٹیڈیم کے اندر اشیاء خورونوش کی قیمتوں اور سٹینڈرڈز پر سخت چیک لگائیں، تمام محکمے شیڈول اور طریقہ کار کیمطابق پاک نیوزی لینڈ میچز کے کامیاب انعقاد وٹیموں کی موومنٹ کے دوران اس بات کو یقینی بنائیں کہ شہریوں کو کم سے کم مشکلا ت پیش آئیں۔ اجلاس میں پولیس،ضلعی انتظامیہ،ٹریفک پولیس،ریسکیو 1122، پی سی بی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔