سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے کیس میں میں پیش رفت

فائرنگ کرنے کا مقصد سلمان خان کو جان سے مارنا نہیں بلکہ ڈرانا تھا

جمعرات 18 اپریل 2024 10:35

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے کیس میں پیش رفت ہوئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بدھ کی رات اس کیس میں ملوث ایک اور ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اس شخص نے لارنس بشنوئی گینگ اور فائرنگ کرنے والے ملزمان کے درمیان رابطہ کار کے طور پر کام کیا۔

(جاری ہے)

رپورٹس کے مطابق 24 سالہ وکی گپتا اور 21 سالہ ساگر کمار نامی ملزمان پہلے ہی پولیس کی حراست میں ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کو مبینہ طور پر 4 لاکھ روپے دینے کا کہا گیا تھا جس کے لیے ابتدا میں ایک لاکھ روپے دیے گئے تھے۔بھارتی پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے کا مقصد سلمان خان کو جان سے مارنا نہیں بلکہ ڈرانا تھا۔یاد رہے کہ اتوار کی رات 4 بجکر 55 منٹ پر دو ملزمان نے سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کی تھی جس کے بعد ملزمان موٹرسائیکل پر فرار ہوگئے تھے۔