جاپان کے سابق نمبر ایک کینٹو موموٹا رواں ماہ کے آخری میں بین الاقوامی بیڈمنٹن کو خیر باد کہہ دیں گے

جمعرات 18 اپریل 2024 15:50

جاپان کے سابق نمبر ایک کینٹو موموٹا رواں ماہ کے آخری میں  بین الاقوامی ..
ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) جاپان کے نامور بیڈ منٹن سٹار اور دو بار کے عالمی چیمپئن کینٹو موموٹا نے کہا ہے کہ وہ رواں ماہ کے آخر میں چین میں شیڈول تھامس بیڈ منٹن کپ میں شرکت کے بعد بین الاقوامی بیڈمنٹن سے ریٹائر ہوجائیں گے۔29 سالہ کینٹو موموٹا نے جمعرات کو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اپنی کارکردگی کے حوالے سے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ چار سال قبل ایک سنگین کار حادثے کے بعد پہلے جیسا پرفارم نہیں کر پا رہے تھے ۔

کینٹو موموٹا ماضی میں دو مرتبہ بیڈمنٹن کے عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 2019 میں 11 ٹائٹل جیتے اور رواں سال کھیلے گئے 73 میچوں میں سے صرف چھ ہارے ہیں۔ کینٹو موموٹا کو جنوری 2020 میں کوالالمپور میں ملائیشیا ماسٹرز جیتنے کے بعد ہوائی اڈے پر لے جانے والی گاڑی چند ہی گھنٹوں بعد حادثے کا شکار ہو گئی تھی جس کے نتیجہ میں گاڑی کا ڈرائیور ہلاک ہو گیا تھا اور کینٹو موموٹا کی جان بچ گئی تاہم ان کو سر پر شدید چوٹیں آئیں اور ان کی آنکھ کی سرجری کی گئی ۔

(جاری ہے)

کینٹو موموٹا ایک سال بیڈمنٹن کورٹس سے باہر رہنے کے بعد واپس آئے تو وہ اس شاندار فارم کو دوبارہ حاصل کرنے میں ناکام رہے ، حالانکہ اس نے مزید دو ٹائٹل جیتے تھے۔کینٹو موموٹا مردوں کے سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں 52 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں اور اس کے علاوہ وہ پیرس اولمپکس میں جگہ حاصل کرنے کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔ کینٹو موموٹا اپنی کارکردگی سے مایوس ہوکر رواں ماہ کے آخر میں چین میں شیڈول تھامس کپ میں شرکت کے بعد جاپان کی قومی بیڈمنٹن ٹیم سے ریٹائر ہو جائیں گے۔ اس کے بعد وہ صرف جاپان میں ڈومیسٹک مقابلوں میں کھیلیں گے ۔\932