سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کی ہدایت پر واٹر کارپوریشن حکام نے نیشنل بینک اسٹیڈیم فراہمی و نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل کرلیے، ترجمان واٹر کارپوریشن

جمعرات 18 اپریل 2024 21:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2024ء) سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کی ہدایت پر واٹر کارپوریشن حکام نے نیشنل بینک اسٹیڈیم فراہمی و نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل کرلیے، ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق پاکستان ویسٹ انڈیز وومین کرکٹ سیریز کے سلسلے میں اسٹیڈیم میں فراہمی و نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل کیے گئے ہیں، اس ضمن میں سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میں فراہمی و نکاسی آب کی تمام شکایات کا مکمل خاتمہ کیا گیا ہے جبکہ سیریز کے دوران اسٹیڈیم میں بلا معاوضہ واٹر ٹینکرز فراہم کیے جائیں گے، انہوں نے بتایا کہ انچارج ہائیڈرنٹس سیل الٰہی بخش بھٹو تمام انتظامات کی نگرانی کریں گے اور فوکل پرسن ٹو سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر تمام انتظامات کا ذاتی طور جائزہ لیں گے اور اسٹیڈیم میں موجود رہیں گے، انکا کہنا تھا کہ سیریز کے دوران اسٹیڈیم کے اندر واٹر ٹینکرز، جیٹنگ و سیکشن مشینیں موجود رہیں گی اور کسی بھی شکایات یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے واٹر کارپوریشن کا عملہ اسٹیڈیم میں موجود ہوگا، انکا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں پاکستان ویسٹ انڈیز وومین کرکٹ سیریز کا انعقاد انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے ایک اچھا پیغام ہے اور اس ضمن میں واٹر کارپوریشن پی سی بی سمیت دیگر اداروں کے ساتھ مل کر سیریز کی کامیابی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔