سونے کی قیمت میں بڑے اضافے کے بعد 1700 روپے کی کمی ہوگئی

سونے کی فی تولہ قیمت کم ہوکر 2 لاکھ 50 ہزار200 روپے ہوگئی، 10 گرام سونے کی قیمت میں 1458 روپے کی کمی ہوئی ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 18 اپریل 2024 18:49

سونے کی قیمت میں بڑے اضافے کے بعد 1700 روپے کی کمی ہوگئی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 اپریل 2024ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ کم ہونے پر پاکستان میں بھی قمیتوں میں نمایاں کمی آگئی ہے، ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں مسلسل بڑھنے کے بعد ایک ہزار700 روپے کی کمی ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت کمی کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 2 لاکھ 50 ہزار200 روپے ہو گئی ہے۔

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار458 روپے کی کمی ہوئی۔ جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 14 ہزار 506 روپے ہوگئی ہے۔ یاد رہے گزشتہ روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 200 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت میں 1887 روپے کا اضافہ ہوا تھا۔ اس اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سونے کی فی تولہ قیمت ڈھائی لاکھ روپے سے زائد ہو گئی اور فی دس گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 15 ہزار 964 روپے کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے مذاکرات کے دوران روپے کی قدر میں کمی کا امکان نہیں ہے۔ دورہ امریکہ کے دوران بلومبرگ کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط ہیں، روپے کا ریٹ بھی مستحکم ہے، ترسیلات زر اور برآمدات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، پاکستانی روپیہ کی قدر میں سالانہ 6 سے 8 فیصد کمی ہوتی ہے لیکن اس وقت روپے کی قدر میں کمی کی کوئی اور وجوہات نہیں ہیں، حکومت کی کوشش ہے کہ مہنگائی میں کمی اور شرح نمو میں اضافہ کیا جائے، پاکستان کیلئے صرف اور صرف مشکلات کا باعث عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت صنعتی ترقی زراعت کی بحالی اور آئی ٹی کو فروغ دے کر آئند سالوں میں شرح نمو کو 4 فیصد سے اوپر لے جائے گی، آئی ایم ایف سے ایکسٹنڈڈ فنڈ فیسیلیٹی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، موسمیاتی تبدیلیوں کیخلاف اقدامات کیے فنڈنگ لیں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ نئے پروگرام کیلئے تکنیکی اور پالیسی لیول مذاکرات مئی میں ہوں گے، نیا پروگرام جون میں حتمی کرلیا جائے گا تاہم پروگرام کی مالیت کے حوالے سے فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتا۔